کیجریوال کے ذریعہ بغیر راحتی پیکیج دیے ’اَن لاک‘ کا اعلان افسوسناک: چودھری انل

دہلی کانگریس صدر چودھری انل کمار نے کہا کہ دہلی حکومت کو بازاروں میں مفت ٹیکہ کاری کیمپ منعقد کرنا چاہیے تاکہ عوام و دکاندار کو مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

تصویر بذریعہ پریس ریلیز
تصویر بذریعہ پریس ریلیز
user

تنویر

نئی دہلی: دہلی پردیس کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری انل کمار نے کہا کہ پارٹی دہلی کی عوام کو طویل لاک ڈاؤن سے پیدا معاشی مسائل سے راحت پہنچانے اور لاک ڈاؤن میں چھوٹ دینے کے لیے دہلی حکومت سے لگاتار مطالبہ کر رہی تھی، لیکن کیجریوال نے بغیر منصوبہ بندی سے محض مجبوری میں دہلی کو اَن لاک کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے ذریعہ چھوٹے کاروباریوں کے لیے راحتی پیکیج دینے کی اپیل کرنے کے باوجود دہلی حکومت نے راحت دینے کا کوئی اعلان نہیں کیا اور اَن لاک کے اعلان میں بازاروں کو طاق-جفت فارمولے پر کھولنے کے لیے نہ کوئی تیاری کی اور نہ ہی کوئی گائیڈ لائن دیا ہے۔

تصویر بذریعہ پریس ریلیز
تصویر بذریعہ پریس ریلیز

چودھری انل کمار نے آج بلیماران اسمبلی واقع عیدگاہ روڈ، صدر بازار میں غریب اور ضرورت مندوں لوگوں کے درمیان راشن کِٹ اور میڈیکل کِٹ کی تقسیم کی۔ پروگرام کا انعقاد قصاب پورہ بلاک کانگریس کمیٹی کی جانب سے کیا گیا تھا۔ اس موقع پر انھوں نے کیجریوال حکومت سے مطالبہ کیا کہ بازاروں میں کیمپ لگا کر ٹیکہ کاری کی جائے اور اَن لاک کے اعلان کے بعد انفیکشن کو روکنے کے لیے بڑے پیمانے پر آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ بڑھانے کی ضرورت ہے۔ چودھری انل نے کہا کہ حکومت 50 سے 55 ہزار ٹیسٹ روزانہ کرا رہی ہے جسے بڑھا کر دوگنا کیا جانا چاہیے۔ انھوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ اَن لاک کی حالت میں لوگوں کو اپنے دفتر تک بہ آسانی آمد و رفت کے لیے بسوں کی تعداد بڑھائی جائی جائے کیونکہ بسوں کی کم تعداد کے سبب لوگوں کو گھنٹوں انتظار کرنا پڑ رہا ہے اور یسے میں انفیکشن کا بھی زیادہ خطرہ ہے۔


دہلی پردیس کانگریس صدر نے تیسری لہر سے متعلق وزیر اعلیٰ کیجریوال کے ذریعہ دیے گئے بیان پر بھی اپنا رد عمل ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ کیجریوال حکومت ابھی تیسری لہر کے اندازاً 37 ہزار ممکنہ کورونا مریضوں کے مطابق تیاریوں کا انتظام کر رہے ہیں، جب کہ آئی آئی ٹی ایکسپرٹ نے تیسری لہر میں 45 ہزار کورونا کیسز روزانہ آنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ چودھری انل نے کہا کہ وزیر اعلیٰ لگاتار کھوکھلی باتیں کر رہے ہیں، وہ کہہ رہے ہیں کہ دہلی کا طبی نظام تیسری لہر کے لیے تیار ہے جب کہ وہ 45 ہزار کی جگہ 37 ہزار کیسز کو مدنظر رکھ کر ہی تیاری کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔