بی جے پی دہلی میں 63 لاکھ لوگوں کے گھروں پر بلڈوز چلانے کی تیاری کر رہی ہے: کیجریوال
کوئی نوٹس نہیں، کوئی موقع نہیں دیا جا رہا بس بلڈوزر لے کر ایم سی ڈی کے لوگ کسی بھی کالونی میں پہنچ کر کسی کے گھر یا دکان کو توڑنا شروع کر دیتے ہیں۔
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی دارالحکومت دہلی میں 63 لاکھ لوگوں کے گھروں اور دکانوں پر بلڈوزر چلانے کی تیاری کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا یہ آزاد ہندوستان کی سب سے بڑی تباہی ہوگی۔
صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیجریوال نے کہا کہ پچھلے کچھ ہفتوں سے ہم دیکھ رہے ہیں کہ بی جے پی کی حکومت والی میونسپل کارپوریشن دہلی کے اندر راجدھانی میں کئی مقامات پر بلڈوزر چلا رہی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اب کئی مہینوں تک بلڈوزر چلائے جائیں گے۔ وہ کہہ رہے ہیں کہ ہم دہلی سے تمام تجاوزات ہٹانے جارہے ہیں۔ تمام ناجائز تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کو ہٹایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم خود بھی تجاوزات کے خلاف ہیں۔ ہم نہیں چاہتے کہ تجاوزات ہوں۔ ہم نہیں چاہتے کہ غیر قانونی عمارتیں بنیں لیکن اس میں دو چیزیں اہم ہیں۔ پہلی بات دہلی کو جس طرح سے پچھلے 75 سالوں میں بنایا گیا ہے وہ منصوبہ بند طریقے سے نہیں بنایا گیا ہے۔ جس طرح سے دہلی بنی ہے، دہلی کا 80 فیصد سے زیادہ حصہ تجاوزات کی زد میں آئے گا۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا اب دہلی کا 80 فیصد حصہ توڑا جائے گا؟
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دوسری بات یہ کہ جس طریقے سے تجاوزات ہٹائی جا رہی ہیں۔ کوئی کاغذ نہیں ہے، کوئی موقع نہیں دیا جا رہا ہے۔ بلڈوزر لے کر وہ کسی بھی کالونی میں پہنچ کر کسی کے گھر یا دکان کو توڑنا شروع کر دیتے ہیں۔ آدمی کاغذ اٹھائے سڑک پر کھڑا ہے۔ وہ چلا رہا ہے، رحم کی بھیک مانگ رہا ہے، میرے کاغذات دیکھو۔ میرے پاس کاغذات ہیں۔ یہ غیر قانونی اور تجاوزات نہیں ہے ۔چالیس سال سے یہاں پر رہ رہا ہوں اور میرے پاس کاغذ بھی ہیں لیکن کوئی کاغذ نہیں دیکھا جارہا ہے ، صرف بلڈوزر چلایا جارہا ہے، یہ تو صحیح نہیں ہے،جس طریقہ سے تجاوزات ہٹائی جارہی ہیں ہم اس کے خلاف ہیں، ان کی پلاننگ ہے کہ دہلی کی ساری کچی کالونیں کو توڑا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔