لڑکھڑا کر گرے کے سی آر، کمر اور پیر میں چوٹ، ہسپتال میں داخل
بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کے سربراہ اور تلنگانہ کے سابق وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ (کے سی آر) کو پیر میں چوٹ لگنے کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے
حیدرآباد: بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کے سربراہ اور تلنگانہ کے سابق وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ (کے سی آر) کو پیر میں چوٹ لگنے کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کے سی آر لڑکھڑا کر گر گئے جس کی وجہ سے ان کے پیر اور کمر پر چوٹیں آئیں۔ چوٹ لگنے کے بعد کے سی آر کو نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق، کے سی آر راجدھانی حیدرآباد میں اپنے گھر پر گر گئے، جس کے بعد انہیں صبح 2 بجے یشودا ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ڈاکٹروں نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ 69 سالہ رہنما کو گرنے کی وجہ سے کولہے میں فریکچر ہوا ہوگا۔ انہیں سرجری کی بھی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد سے سابق وزیر اعلیٰ گزشتہ تین دنوں سے اپنی رہائش گاہ پر لوگوں سے ملاقات کر رہے ہیں۔
کے سی آر کے ساتھ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب بی آر ایس کو چند دن پہلے اعلان کردہ اسمبلی انتخابات کے نتائج میں زبردست شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ تلنگانہ میں جس کی 119 اسمبلی سیٹیں ہیں، بی آر ایس صرف 39 سیٹیں جیتنے میں کامیاب رہی۔ یہاں بی آر ایس کی حریف کانگریس جیت گئی ہے، جس نے 64 سیٹیں جیت کر پہلی بار ریاست میں حکومت بنائی ہے۔ کانگریس نے ریاستی چیف ریونت ریڈی کو تلنگانہ کا وزیر اعلیٰ مقرر کیا ہے۔
تاہم، بی آر ایس انتخابات ہار گئی ہے لیکن پارٹی صدر کے سی آر نے سدی پیٹ ضلع کے گجویل اسمبلی حلقہ سے کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے بی جے پی امیدوار ایٹالہ راجندر کو 45000 سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ لیکن کے سی آر کاماریڈی سے ہار گئے ہیں۔ اس بار کے سی آر اسمبلی انتخابات میں دو سیٹوں سے الیکشن لڑ رہے تھے۔ کے سی آر اس وقت گھر پر رہ کر پارٹی کی شکست کا جائزہ لے رہے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔