کشمیری طلبا مجھے ہندوستان کا ٹٹو سمجھتے ہیں! فاروق عبداللہ

نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم کشمیری طلبا انہیں ہندوستان کا ٹٹو سمجھتے ہیں لیکن خود نعرے لگانے کے سوا کچھ نہیں کریں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم کشمیری طلبا انہیں ہندوستان کا ٹٹو سمجھتے ہیں لیکن خود نعرے لگانے کے سوا کچھ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کشمیری یونیورسٹی آنے سے ڈر لگتا ہے کیونکہ طلبا ان کے حوالے سے غلط فہمیوں میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام تقسیم در تقسیم ہوگئی ہے اور اگر اسے ایک مضبوط قوم بننا ہے تو 'متحد' ہونا ہوگا۔

فاروق عبداللہ ہفتہ کے روز یہاں کشمیر یونیورسٹی کے علامہ اقبال لائبریری کے آڈیٹوریم میں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے جس میں قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے اہتمام یونیورسٹی ھٰذا میں منعقد کئے جارہے 23 ویں کل ہند اردو میلے کا افتتاح کیا گیا۔
نیشنل کانفرنس صدر اپنی تقریر کے دوران یونیورسٹی کے وائس چانلسر پروفیسر طلعت احمد سے مخاطب ہوئے اور کہنے لگے: 'چانسلر صاحب مجھے آج ان بچوں سے بات کرنے کا موقع ملا ہے۔ یہ میری سنتے بھی نہیں تھے۔ یہ سمجھتے ہیں کہ فاروق عبداللہ ہندوستان کا ٹٹو ہے۔ میں یہ ایمانداری سے کہتا ہوں۔ یہ خود کچھ نہیں کریں گے اور صرف نعرے لگائیں گے۔ صرف فاروق کو پھانسی پر لٹکائیں گے۔ کہیں گے کہ دفعہ 370 خطرے میں ہے اور خود اپنے گھروں میں بیٹھیں گے'۔

انہوں نے کہا: 'ہم تقسیم در تقسیم ہوگئے ہیں۔ کوئی حریت تو کوئی نیشنل کانفرنس، کوئی پی ڈی پی تو کوئی کچھ اور ہمیں ایک بننے کی کوشش کرنی ہے۔ ہمیں اس طوفان کا مقابلہ کرنا ہے جو آنے والا ہے۔ آج مسلمان محفوظ نہیں ہیں۔ اگر ہمیں محفوظ بننا ہے تو منظم اور متحد ہونا ہے'۔

فاروق عبداللہ نے کہا کہ انہیں کشمیر یونیورسٹی آنے سے ڈر لگتا ہے کیونکہ طلبا ان کے حوالے سے غلط فہمیوں میں مبتلا ہیں۔
ان کا کہنا تھا: 'مجھے اس یونیورسٹی سے ڈر لگتا ہے۔ کبھی کبھی یہ بہت زیادہ برہم ہوجاتے ہیں۔ ہم جیسے غریب لوگوں کو ڈر لگتا ہے۔ کیونکہ کافی غلط فہمیاں ہیں۔ یہ وہ غلط فہمیاں ہیں جن کو دور کرنے میں بہت وقت لگے گا'۔ تاہم اس کے باوجود بھی طلبا نے فاروق عبداللہ کو غور سے سنا اور اُن کے انداز بیان سے محظوظ بھی ہوئے۔

انہوں نے طلبا سے مخاطب ہوکر کہا: 'آپ کی تعلیم صرف ڈگری کے لئے نہیں ہونی چاہیے۔ آپ کا مقصد ہونا چاہیے کہ میں اپنے وطن کے لئے کچھ کرسکوں'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔