کشمیر کے ہلال احمد ’رافیل‘ اڑانے والے پہلے ہندوستانی پائلٹ
طویل انتظار کے بعد آج پانچ رافیل لڑاکو جہاز ہندوستان آنے والے ہیں۔ رافیل لڑاکو جہاز آنے کے بعد ہندوستانی فضائیہ مزید مضبوط ہوجائے گی
ایک لمبے وقت کے انتظار کے بعد ہندوستانی فضائیہ میں فرانس میں تیار 5 رافیل لڑاکو جہاز آج شامل ہونے والےہیں۔ ویسے ان جہازوں کی خرید وفروخت میں بہت سے نام سنے ہوں گے لیکن ایک نام ایسا بھی ہے جس کے بارے میں کم ہی لوگ جانتے ہوں گے۔ ایئر کوموڈور ہلال احمد جو نہ صرف ہندوستان کے فرانس میں ایئر اٹیچی ہیں بلکہ ان کو یہ شرف بھی حاصل ہے کہ رافیل اڑانے والے وہ پہلے ہندوستانی پائلٹ ہیں۔
ہلال احمد جن کا تعلق کشمیر کے جنوبی آننت ناگ ضلع سے ہے ان کی تین بہنیں ہیں اور وہ ایک متوسط خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کےوالد مرحوم محمد عبداللہ جموںو کشمیر کے محکمہ پولیس میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے عہدے سے ریٹائر ہوئے تھے۔ ان کی تعلیم جمو ں و کشمیر کے نگروٹا شہرکے سینک اسکول میں ہوئی ہے۔ انہوں نے گریجیوویشن ڈفینس سروسز اسٹاف کالج سے کیا۔
17 جولائی 1988 کو انہوں نے انڈین ائیر فورس میں جوائن کیاتھا اور وہ ایک بہترین فلائنگ آفیسر ہیں۔ سال 1993 میں فلائٹ لیفٹیننٹ بن گئے، سال 2004 میں ونگ کمانڈراور سال 2014 میں گروپ کیپٹین اور سال 2019 میں ایئر کوموڈور بن گئے۔ ان کو اپنی بہترین کارکردگی کے لئے وایوسینا میڈل اور وششٹ سیوا میڈل مل چکا ہے۔ ہلال احمد رافیل کے ہتھیاروں کےپروگرام سے منسلک رہے ہیں۔
واضح رہے یوپی اے کے دورحکومت میں رافیل لڑاکو جہاز کاسودا شروع ہواتھا جس کے تحت سوسے زیادہ جہاز خریدے جانے تھے اور ٹیکنالوجی منتقل کرنے کی بات ہوئی تھی جس میں ہندوستان ایرونوٹکس لمیٹد مرکزی کردار میں تھا لیکن بعد میں جب این ڈی اے حکومت نے معاہدہ کیاتوجہازوں کی تعداد 36 کردی گئی اور ہندوستان ایرونوٹکس لمیٹد کا کردارختم کر دیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 29 Jul 2020, 9:58 AM