کشمیر: زمستانی ہواؤں کا زور جاری، آج رات سے تازہ برف باری کی پیش گوئی
وادی کشمیر میں سردیوں کے بادشاہ چالیس روزہ ’چلہ کلان‘ کے راج کا اگرچہ آخری مرحلہ چل رہا ہے لیکن زمستانی ہواؤں کا زور برابر جاری ہے جس نے اہلیان لوگوں کا جینا دو بھر کر دیا
سری نگر: وادی کشمیر میں سردیوں کے بادشاہ چالیس روزہ ’چلہ کلان‘ کے راج کا اگرچہ آخری مرحلہ چل رہا ہے لیکن زمستانی ہواؤں کا زور برابر جاری ہے جس نے اہلیان لوگوں کا جینا دو بھر کر دیا۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں جمعے کی شب سے ہفتے کی شام تک تازہ برف باری ہوسکتی ہے تاہم اتوار سے موسم بہتر ہونے کی توقع ہے۔
متعلقہ محکمے کا کہنا ہے کہ تازہ برف باری سے وادی میں زمینی و فضائی ٹریفک ایک بار پھر متاثر ہوسکتا ہے۔ دریں اثنا وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی 270 کلو میٹر طویل سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر جمعے کے روز مرمتی کام کے پیش نظر ٹریفک کی نقل و حل بند رہی۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ حسب سابق جمعے کے روز مرمتی کام کے پیش نظر ٹریفک کے لئے بند رہے گی۔ بتادیں کہ رام بن علاقے میں ایک پل ڈھہ جانے سے قومی شاہراہ چھ روز بعد 17 جنوری کو ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بحال کر دی گئی تھی۔
وادی کشمیر کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی 434 کلو میٹر طویل سری نگر- لیہہ قومی شاہراہ سال رواں کے یکم جنوری سے بند کر دی گئی ہے جبکہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر گذشتہ قریب دو ماہ سے ٹریفک بند ہے۔ وادی کشمیر میں جمعے کے روز بھی اگرچہ موسم خشک رہا لیکن شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کافی نیچے درج ہونے کا سلسلہ برابر جاری ہے جس سے لوگوں کو گونا گوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
وادی میں جاری شدید سردیوں کے باعث جہاں متعدد آبی ذخائر منجمد ہیں وہیں گھروں میں نصب نلوں اور ٹینکیوں کا پانی بھی دوارن شب ہی جم جاتا ہے جس کے باعث لوگ پانی کی شدید قلت سے دوچار ہیں۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے درجہ حرارت سے قدرے بہتر تھا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں منفی 6.2 ڈگری سینٹی گریڈ اور ککرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں سردیوں کے بادشاہ چالیس روزہ چلہ کلان کی حکومت کا آخری مرحلہ چل رہا۔ اہلیان وادی کا ماننا ہے کہ چلہ کلان نے رواں سیزن کے دوران برسوں بعد اپنی بھر پور طاقت کا مظاہرہ کرکے لوگوں کو گونا گوں مشکلات سے دوچار کر دیا۔ چلہ کلان کا دور حکومت 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوگا اور اس کے بعد 20 روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوگا تاہم چلہ خورد میں سردیوں کے زور میں کمی واقع ہوجاتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔