کشمیر: خشک موسم کے بیچ سرد ہواؤں کا سلسلہ جاری

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ وادی کشمیر میں 2 جنوری سے موسم کروٹ بدل سکتا ہے جس کے باعث 4 اور5 جنوری کو درمیانی سے بھاری درجے کی برف باری متوقع ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین برعکس اگرچہ موسم فی الوقت خشک ہے لیکن شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے مسلسل نیچے درج ہونے سے سرد ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ وادی کشمیر میں 2 جنوری سے موسم کروٹ بدل سکتا ہے جس کے باعث 4 اور5 جنوری کو درمیانی سے بھاری درجے کی برف باری متوقع ہے۔

ادھر وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی 270 کلو میٹر طویل سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر ہفتے کو ایک روز ٹریفک کی نقل و حمل بحال ہوئی۔ قومی شاہراہ پر جمعہ کو مرمتی کام کے پیش نظر ٹریفک کی نقل و حرکت معطل رہی۔ وادی کشمیر کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی 434 کلو میٹر طویل سری نگر- لیہہ شاہراہ 31 دسمبر سے ٹریفک کے لئے بند کردی گئی، جبکہ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر گزشتہ قریب تین ہفتوں سے ٹریفک بند ہے۔


دریں اثنا وادی کشمیر میں ہفتے کو چلہ کلان کے 13 ویں روز موسم خشک بھی رہا اور ہلکی دھوپ بھی چھائی رہی تاہم شبانہ سردی میں شمشیر کی طرح تیزی جاری ہے۔ ہفتے کی صبح بھی آبی ذخائر کی سطح منجمد ہوئی تھی اور گھروں، مساجد و خانقاہوں اور دیگر پبلک واش روموں میں نصب نلوں میں پانی جم گیا۔

متعلقہ محکمہ کے مطابق گرمائی دارحکومت سری نگر میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ وادی کشمیر کے مشہور دہر سیاحتی مقام گلمرگ میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


بتادیں کہ گلمرگ میں کئی فٹ برف جمع ہے اور سال نو کی آمد کے سلسلے میں مقامی و غیر مقامی سیاحوں کی بڑی تعداد ٹھٹھرتی سردی کے با وصف جشن منانے میں محو ہے۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.1 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 20.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 15.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔