کشمیر: کولگام سے ایک ڈاکٹر لاپتہ، اہل خانہ نے کی گھر واپس لوٹنے کی اپیل

جموں وکشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ ویٹرنری ڈاکٹر راجا ندیم کے بارے میں پتہ لگانے کی کوششیں جاری ہیں اور اس حوالے سے گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کی گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام سے تعلق رکھنے والا ایک ویٹرنری ڈاکٹر پراسرار طور پر لاپتہ ہوا ہے جس کے بارے میں شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ہوسکتا ہے اس نے ملی ٹنٹوں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی ہو۔ دریں اثنا لاپتہ ہونے والے ڈاکٹر راجا ندیم کے اہل خانہ بالخصوص ماں اور بہنوں نے انہیں گھر واپس لوٹنے کی اپیل کی ہے۔

ذرائع کے مطابق کولگام سے تعلق رکھنے والا ویٹرنری ڈاکٹر راجا ندیم پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ راجا ندیم کے ملی ٹنٹوں کی صفوں میں شامل ہونے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ تاہم جموں وکشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ نوجوان کے بارے میں پتہ لگانے کی کوششیں جاری ہیں اور اس حوالے سے گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کی گئی ہے۔


ادھر موصوف کی والدہ نے اپنے بیٹے کو گھر لوٹنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے ایک ویڈیو بیان جس میں ان کے ساتھ دو بیٹیاں اور ایک بیٹا بھی بیٹھے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں، میں کہا کہ 'میرا بیٹا جس کے پاس بھی ہے وہ اس کو واپس گھر بھیج دیں اگر ندیم خود بھی یہ ویڈیو دیکھ رہے ہوں گے تو اس کو کہیں کہ اس مجبور ماں اور بہنوں کو کس کے بھروسے پر چھوڑ رہے ہو'۔ موصوف والدہ ویڈیو میں روتے ہوئے کہتی ہیں کہ 'وہ میرے بڑھاپے کا سہارا ہے، میں دل کے عارضے میں مبتلا ہوں، مجھے ڈاکٹر کے پاس کون لے جائے گا اس کی ان بہنوں اور چھوٹے بھائی کی کفالت کون کرے گا'۔

بتادیں کہ وادی کشمیر میں رواں دہائی کے دوران پڑھے لکھے نوجوان کی طرف سے بندوقیں اٹھانے کے رجحان میں اضافہ دیکھا گیا۔ تاہم سیکورٹی ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک دو برسوں کے دوران مقامی نوجوانوں کی ملی ٹنٹوں کی صفوں میں شمولیت کے رجحان میں غیر معمولی کمی دیکھنے میں آئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔