کشمیر: سبزی، پھل اور مرغ کی قیمتیں آسمان پر، لوگ پریشان
گزشتہ دو ماہ سے جاری نامساعد صورتحال کے بیچ اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث عام لوگوں کی مشکلات ہر گزرتے دن کے ساتھ دو چند ہو رہی ہیں
سری نگر: وادی کشمیر میں جاری نامساعد اور غیر یقینی صورتحال کے بیچ جہاں لوگ گوناگوں مشکلات سے دوچار ہیں وہیں اشیائے خوردنی بالخصوص سبزیوں کی قیمتوں میں روز افزوں ہو رہے اضافے سے لوگوں کی زندگیاں اجیرن بن گئی ہیں۔ بتادیں کہ وادی میں گزشتہ دو ماہ سے جاری نامساعد صورتحال کے بیچ اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث عام لوگوں کے مشکلات ہر گزرتے دن کے ساتھ دوچند ہو رہی ہیں۔ یو این آئی اردو کے ایک نمائندے نے بدھ کی صبح جب بازار کا دورہ کر کے سبزیوں کے تازہ ریٹ معلوم کیے تو تمام تر سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ پایا۔
انہوں نے کہا کہ بازاروں میں کشمیری ساگ 60 تا 70 روپے فی کلو، مرغ 160 تا 170 روپے فی کلو، گوشت 500 روپے فی کلو، ٹماٹر60 تا 70 روپے فی کلو، پیاز 60 تا 70 روپے فی کلو، بینز 40 تا 50 روپے فی کلو، گوبھی 40 تا 50 روپے فی کلو اور شلجم 40 تا 50 دستیاب تھیں جبکہ کیلے 80 تا 100 روپے فی درجن، سیب 80 روپے فی کلو اور سنترے 80 تا 160 روپے فی درجن دستیاب تھے۔
فیاض احمد نامی ایک شہری نے بتایا کہ وادی میں حالات خراب ہونے کے ساتھ اشیائے خوردنی میں یکایک اضافہ ہونے لگا۔ انہوں نے کہا کہ 'وادی میں حالات خراب ہونے کے ساتھ ہی اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہونے لگا، سبزیوں کی قیمیتوں میں خاص طور پر آئے روز بے تحاشہ اضافہ ہو رہا ہے، منہ مانگی قیمت پر سبزیاں دستیاب ہیں'۔ فدا محمد نامی ایک شہری نے کہا کہ یوں تو یہاں قومی شاہراہ بند ہونے کے بعد اشیائے خوردنی کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا تھا لیکن اب یہاں موسم گرما میں بھی حالات کے بیچ سبزیوں کے دام آسمان چھو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 'وادی کو بیرون ملک کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ بھاری برف باری کی وجہ سے بند ہوجاتی تھی تو یہاں اشیائے خوردنی کی قیمتوں میں اضافہ ہو جاتا تھا لیکن امسال موجودہ حالات کے پیش نظر یہاں اشیائے خوردنی خاص کر سبزیوں کے دام اس قدر بڑھ گئے ہیں کہ عام انسان کے بس سے باہر ہے'۔ محمد اشرف نامی ایک شہری نے کہا کہ سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے کیونکہ متعلقہ محکمہ خواب خرگوش میں مست ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'وادی میں سبزیوں کی قیمتوں میں روز افزوں اضافہ ہو رہا ہے، اس کی بینادی وجہ یہ ہے کہ متعلقہ محکمہ خواب خرگوش میں مست ہے سبزی فروشوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، وہ منہ مانگی قیمتوں پر گاہکوں سے سبزیوں کے دام وصولتے ہیں'۔
فردوس احمد نامی ایک شہری نے کہا کہ سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ لوگوں کے لئے ایک اور مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'وادی میں لوگ ایک طرف گوناگوں مسائل سے دوچار ہیں تو دوسری طرف سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ایک اور مشکل ہے، مارکیٹ میں چکنگ اسکاڈ بھی کہیں نظر نہیں آرہا ہے جس کا یہ لوگ بھر پور فائدہ اٹھا رہے ہیں'۔ قابل ذکر ہے کہ وادی میں نامساعد حالات کے بیچ اگر چہ لوگوں کو اشیائے خورد ونوش کی قلت کا سامنا نہیں ہے لیکن اشیائے خوردنی بالخصوص سبزیوں کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہو رہا ہے اور پھلوں کے دام بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ آسمان کو چھو رہے ہیں جس سے عوام وخواص کی پریشانیاں مزید دو چند ہورہی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 09 Oct 2019, 5:51 PM