وادی کشمیر: شوپیاں میں مڈبھیڑ، دو ملی ٹنٹ ہلاک، ایک جوان شہید
ترجمان کے مطابق سلامتی دستوں کے جوان گاؤں میں جب ایک خاص علاقے کی طرف بڑھ رہے تھے تو وہاں چھپے ملی ٹنٹوں نے گولیاں چلائیں، سلامتی دستوں نے بھی جوابی کارروائی کی جس کے ساتھ ہی مڈبھیر شروع ہوگئی۔
سرینگر: جموں و کشمیر کے شوپیاں ضلع میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے محاصرہ اور تلاشی مہم (کاسو) کے دوران ہوئی میڈبھیر میں دو نامعلوم ملی ٹنٹ مارے گئے جبکہ ایک جوان شہید ہوگیا۔ وزارت دفاع کے ایک ترجمان نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔ ترجمان نے بتایا کہ ملی ٹنٹوں کے چھپے ہونے کی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر راشٹریہ رائفلس (آر آر)، جموں کشمیر پولیس کے خصوصی مہم گروپ (ایس اوجی) اور مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے جوانوں نے ہفتے کی دیر شام شوپیاں کے وانگا گاؤں میں ایک مشترکہ تلاشی مہم شروع کی۔
ترجمان کے مطابق سلامتی دستوں کے جوان گاؤں میں جب ایک خاص علاقے کی طرف بڑھ رہے تھے تو وہاں چھپے ملی ٹنٹوں نے گولیاں چلائیں، سلامتی دستوں نے بھی جوابی کارروائی کی جس کے ساتھ ہی مڈبھیر شروع ہوگئی۔ جوانوں نے ملی ٹنٹوں کو خود سپردگی کرنے کو کہا لیکن انہوں نے فائرنگ جاری رکھی۔ مڈبھیڑ کے دوران ایک ملی ٹنٹ ہفتے کی شام کو ہی مارا گیا تھا۔ جبکہ ایک دیگر ملی ٹنٹ رات میں مارا گیا۔ مڈبھیڑ رات بھر جاری رہی۔ مڈبھیڑ میں اب تک دو ملی ٹنٹ مارے گئے ہیں اور یہ ابھی بھی جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق مڈبھیڑ میں دو جوان زخمی ہوگئے ہیں جس کے بعد ایک جوان نے شرینگر میں فوج کے 92 بیس اسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ مڈبھیڑ کے مقام سے اب تک ایک ایم آئی ون اور ایک اے کے رائفل برآمد کی گئی ہے۔ اس دوران، مڈبھیڑ والی جگہ اور آس پاس کے علاقوں میں امن و قانون بنائے رکھنے کے لئے آس پاس کے علاقوں میں اضافی سلامتی دستے اور پولیس کی تعیناتی کی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔