کشمیر: آتشزدگی کی دو الگ الگ وارداتوں میں تین مکان اور نصف درجن دکانیں خاکستر

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع کپوارہ میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اسپتال روڈ پر قائم کواپریٹو بنک کی عمارت سے آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے نصف درجن دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا

آگ کی واردات / تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @TheVoiceOfKash1
آگ کی واردات / تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @TheVoiceOfKash1
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں آگ کی دو الگ الگ وارداتوں میں تین رہائشی مکان اور قریب نصف درجن دکانیں خاکستر ہوگئی ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے نوا کدل علاقے میں اتوار کی صبح ایک رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے دو متصل مکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

انہوں نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمر جنسی محکمے کی آگ بجھانے والی گاڑیاں اور نفری جائے وردات پر پہنچ گئی، تاہم آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔ دریں اثنا شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب آگ کی ایک واردات میں قریب نصف درجن دکانیں خاکستر ہوگئی ہیں۔


سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع کپوارہ میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اسپتال روڈ پر قائم کواپریٹو بنک کی عمارت سے آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے نصف درجن دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ انہوں نے بتایا کہ فائر ٹنڈرس، پولیس اور مقامی لوگوں نے مل کر آگ کو کنٹرول میں تو کر لیا لیکن نصف درجن دکانوں کو راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہونے سے نہ بچا سکے۔ ضلع انتظامیہ کے کئی افسران اتوار کی صبح جائے واردات پر پہنچ گئے اور آگ سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔