کشمیر: سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں دو مقامی ملی ٹینٹ ہلاک
شمالی کشمیر کے کریری بارہ مولہ علاقے میں سیکورٹی فورسز نے تصادم آرائی کے دوران دو مقامی ملی ٹینٹوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا
سری نگر: شمالی کشمیر کے کریری بارہ مولہ علاقے میں سیکورٹی فورسز نے تصادم آرائی کے دوران دو مقامی ملی ٹینٹوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹوں نے امسال مارچ کے مہینے میں لشکر طیبہ میں شمولیت اختیا رکی تھی۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شمالی ضلع بارہ مولہ کے کریری علاقے میں جنگجووں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے درمیانی شب اس علاقے کو اپنے محاصرے میں لے کر انہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔انہوں نے بتایا کہ خود کو سلامتی عملے کے گھیرے میں پا کر جنگجووں نے سیکورٹی فورسز پر اندھا دھند گولیاں برسا کر فرار ہونے کی بھر پور سعی کی تاہم حفاطتی عملے کی کارگر حکمت عملی نے انہیں فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔
موصوف ترجمان کے مطابق کچھ عرصے تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے ۔انہوں نے بتایا کہ تصادم کی جگہ اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔
دریں اثنا ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے بتایا کہ شمالی کشمیر کے کریری بارہ مولہ میں جمعرات اعلیٰ الصبح سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دو مقامی ملی ٹینٹ جاں بحق ہوئے جن کی بعد میں شناخت شاکر مجید نجار اور حنان احمد سہہ ساکنان شوپیاں کے بطور ہوئی ہے۔
پولیس آفیسر نے بتایاکہ مہلوک ملی ٹینٹوں نے رواں سال مارچ کے مہینے میں لشکر طیبہ میں شمولیت اختیا رکی تھی۔ان کے مطابق تصاد م کی جگہ ایک اے کے رائفل اور پستول برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔علاوہ ازیں پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے تب تک گریز کیا کریں جب تک علاقے کو پوری طرح سے صاف قرار نہ دیا جائے کیونکہ پولیس اوردیگرسلامتی ادارے لوگوں کے جان ومال کی محافظ ہے لہذا لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کے لئے پولیس ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔