کشمیر: مشتبہ جنگجوؤں کے حملے میں بی جے پی کے تین کارکن ہلاک، وزیر اعظم مودی کا اظہارِ غم

وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر کے ضلع کولگام میں عسکریت پسندوں کے ہاتھوں بھارتیہ جنتا پارٹی کے تین کارکنوں کی ہلاکت پر تعزیت کرتے ہوئے ان کے کنبہ سے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر کے ضلع کولگام میں عسکریت پسندوں کے ہاتھوں بھارتیہ جنتا پارٹی کے تین کارکنوں کی ہلاکت پر تعزیت کرتے ہوئے ان کے کنبہ سے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ جمعرات کی شام تقریباً 8 بجے کشمیر کے عسکریت پسندوں نے عید گاہ وائے کے پورہ علاقہ میں بی جے پی ضلع یوتھ کے جنرل سکریٹری فدا حسین یاٹو اور دو دیگر کارکنان عمر راشد بیگ اور عمر رمضان حزم پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تینوں کارکن ہلاک ہوگئے۔

وزیر اعظم مودی نے جمعرات کی رات دیر گئے ٹوئٹ کیا ’’میں بی جے پی کے تین نوجوان کارکنوں کے قتل کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ یہ تینوں بہت ہی بہترین کارکن تھے اور جموں و کشمیر میں عمدہ کام کر رہے تھے۔ اس مشکل گھڑی میں میں ان کے کنبہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ ایشور ان کی روح کو شانتی عطا فرمائے۔‘‘


ایک پولیس افسر نے جمعرات کے رو بتایا کہ بی جے پی کے ضلعی یوتھ جنرل سکریٹری فدا حسین یاٹو اور دو دیگر کارکنوں عمر راشد بیگ اور عمر رمضان حزم کو عسکریت پسندوں نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ہے۔ فائرنگ کے دوران دونوں کارکنان زخمی ہو گئے تھے۔ انہیں علاج کے لئے مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں انہیں مردہ قراردے دیا گیا۔

پولیس افسر نے بتایا کہ عسکریت پسند اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ان کی گرفتاری کے لئے سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ انہوں نے کہا ’’پولیس نے تینوں کارکنوں کے قتل کے لئے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے اور تفتیش شروع کردی گئی ہے‘‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔