کشمیر: موسم بہتر مگر کئی سرحدی علاقوں کا ضلع ہیڈ کوارٹروں سے سلسلہ منقطع
پولیس کنٹرول روم کپوارہ کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ سڑکوں پر برف جمع ہونے کی وجہ سے سرحدی قصبہ کیرن اور ملحقہ علاقوں کا رابطہ وادی کے دوسرے حصوں کے ساتھ منگل کے روز بھی منقطع ہی رہا۔
سری نگر: وادی کشمیر میں موسم بہتر ہونے کے باوجود بھی کئی دور افتاد سرحدی علاقوں بشمول کیرن، مژھل اور گریز اپنے اپنے ضلع ہیڈکواٹروں کے ساتھ رابطہ مسلسل منقطع ہے جس کے باعث ان علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو گوناگوں مشکلات کا سامنا ہے۔ تاہم کپوارہ- کرنا روڈ پر منگل کے روز دوسرے دن بھی ٹریفک کی نقل و حمل جاری رہی۔ اس روڈ پر پیر کو تین روذ بعد ٹریفک بحال کر دیا گیا تھا۔
پولیس کنٹرول روم کپوارہ کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ سڑکوں پر برف جمع ہونے کی وجہ سے سرحدی قصبہ کیرن اور ملحقہ علاقوں کا رابطہ وادی کے دوسرے حصوں کے ساتھ منگل کے روز بھی منقطع ہی رہا۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی قصبہ مژھل کا منگل کو وادی کے دوسرے حصوں کے ساتھ مسلسل آٹھویں روز بھی رابطہ منقطع رہا۔ پی سی آر بانڈی پورہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ گریز کا بھی 8 دسمبر سے لگاتار ضلع ہیڈ کوارٹر بانڈی پورہ سے رابطہ منقطع ہے۔
کپوارہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ رازدان پاس جو گریز اور درجنوں دوسرے علاقوں کو ضلع ہیڈ کوارٹر بانڈی پورہ کے ساتھ جوڑتا ہے، پر جمعہ کی شب اور ہفتے کو بھاری برف باری ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام شد ومد سے جاری ہے تاہم ان سرحدی علاقوں میں ٹریفک کی بحالی میں کچھ دن لگ سکتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔