کشمیر: بارشوں کے بعد درجہ حرارت میں کمی واقع، 4 اپریل تک موسم خشک رہنے کی پیش گوئی
موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں 4 اپریل تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے اور اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکے درجے کی بارشیں متوقع ہیں۔
سری نگر: وادی کشمیر میں تازہ بارشوں کے بعد شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر کمی واقع ہوئی ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں 4 اپریل تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکے درجے کی بارشیں متوقع ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں 4 اپریل تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم پانچ اپریل کو ایک بار پھر بارشیں ہوسکتی ہیں۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ سری نگر جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، میں کم سے کم درجہ حرارت 8.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ سری نگر میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 11.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے مشہور دہر سیاحتی مقام گلمرگ جہاں گزشتہ شب کے دوران 13.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ گلمرگ میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 6.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 2.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ پہلگام میں گزشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ سرحدی ضلع کپوارہ جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 5.7 بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ کپوارہ میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت 8.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
قاضی گنڈ جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ ککر ناگ جہاں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 4.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثنا وادی میں منگل کی صبح ہلکی بارشیں ہوئیں جس کے بعد موسم خشک مگر ابر آلود رہا تاہم آفتاب نے بھی بادلوں کی اوٹ سے باہر نکلنے کی کئی کامیاب کوششیں کیں۔ بارشوں کے ساتھ ہی وادی کے شہر و گام کی سڑکیں کیچڑ اور پانی سے بھری ہوئی ہیں جس سے پیدل چلنے والوں کا سفر پُرخطر بن گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔