کشمیر: سردیوں کی شدت میں ہو رہے اضافے سے لوگ پریشان
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں گزشتہ شب رواں موسم سرما کی اب تک کی سرد ترین شب رہی جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
سری نگر: وادی کشمیر میں چالیس دنوں پر محیط سردیوں کا بادشاہ ’چلہ کلان‘ کی آمد سے قبل ہی سردی کی شدت میں روز افزوں درج ہو رہے اضافے نے لوگوں کو بے حال کر دیا ہے۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں گزشتہ شب رواں موسم سرما کی اب تک کی سرد ترین شب رہی جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ وادی کشمیر کا شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ مسلسل سرد ترین مقام کے درجے پر فائز ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مطلع صاف رہنے کی وجہ سے وادی کشمیر میں کم سے کم درجہ حرارت میں گراوٹ درج ہو رہی ہے اور اگلے چند روز کے دوران درجہ حرارت میں مزید کمی درج ہونا متوقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وادی کشمیر میں رواں ماہ کی 23 تاریخ تک موسم خشک رہنے کی امید ہے۔ دریں اثنا وادی کشمیر میں جمعرات کی صبح سے ہی دھوپ کھلی رہی جس سے لوگوں کو شبانہ سردی سے قدرے راحت نصیب ہوئی۔
اگرچہ دن میں موسم خشک ہونے اور دھوپ کھلی رہنے سے لوگ اپنے کام کاج میں مصروف رہتے ہیں لیکن شام ڈھلتے ہی سردی کی شدت اس قدر تیز ہوجاتی ہے کہ گھروں سے باہر نکلنا محال بن جاتا ہے۔محمد شعبان نامی ایک شخص نے بتایا کہ اگرچہ موسم خشک ہے اور دن میں دھوپ بھی کھلی رہتی ہے لیکن سردیاں ’چلہ کلان‘ سے کسی صورت میں کم تند و تیز نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج جب یہ حال ہے تو ظاہر ہے کہ چلہ کلان میں حالات مزید ابتر ہوں گے۔
مذکورہ محکمہ کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ، جہاں کئی فٹ برف جمع ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.8 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 14.9 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 16.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔