کشمیر: شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے، سری نگر میں سرد ترین رات ریکارڈ

سری نگر میں گزشتہ رات رواں موسم سرما کی اب تک کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی، وہیں جمعرات کی صبح وادی کے آبی ذخائر کے ساتھ ساتھ نل اور پانی کی سپلائی لائنیں و ٹنکیاں بھی منجمد پائی گئیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں جاری خشک موسم کے بیچ شبانہ درجہ حرارت مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے درج ہو رہا ہے جس کے باعث جہاں سری نگر میں گزشتہ رات رواں موسم سرما کی اب تک کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی وہیں جمعرات کی صبح وادی کے آبی ذخائر کے ساتھ ساتھ نل اور پانی کی سپلائی لائنیں و ٹنکیاں بھی منجمد پائی گئیں۔

کشمیر کے دارالخلافہ سری نگر میں گزشتہ رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.0 سیٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقامات پہلگام اور گلمرگ میں کم سے کم دررجہ حرارت بالترتیب منفی 12.7 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 11.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 30.2 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ لداخ کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 18.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


ادھر محکمہ موسمیات نے وادی میں 30 دسمبر یعنی چلہ کلان کی 10 تاریخ تک موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ وادی کشمیر میں شہنشاہ زمستان چلہ کلان کے ابتدائی ایام کے دوران اگرچہ موسم فی الوقت خشک ہے تاہم شبانہ درجہ حرارت مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے کے باعث زمستانی ہوائیں لوگوں کو صبح دیر تک گھروں سے باہر نکلنے نہیں دے رہی ہیں۔

شاہدین نے بتایا کہ وادی میں جمعرات کی صبح جہاں آبی ذخائر بشمول جھیل ڈل اور ژونٹھ کل جزوی طور پر منجمد ہوئے تھے وہیں نل اور پانی کی ٹنکیاں بھی جم گئی تھیں جس کی وجہ سے لوگوں کو صبح کے وقت وضو کے لئے پانی میسر نہیں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ وادی میں جاری شدید سردی کے باعث بازاروں میں دکانیں بھی دیر سے کھل گئیں اور دکانداروں نے دکانوں کے باہر کوڑا کرکٹ جمع کرکے آگ جلائی تھی اور گرمی کے لئے اسی کے گرد جمع ہوئے تھے راہگیر بھی گرمی کے لئے آگ کے نزدیک رک کر آگے بڑھنے سے پہلے اپنے آپ کو گرم کرتے تھے۔


وادی میں جمعرات کی صبح اگرچہ شدید سردی تھی لیکن بعد ازاں ہلکی دھوپ بھی کھل گئی جس سے لوگوں کو سردی سے قدرے راحت نصیب مل گئی اور منجمد نل، پانی کی ٹنکیاں اور آبی ذخائر بھی کھل گئے۔ وادی کے سرحدی ضلع کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں منفی 9.8 ڈگری سینٹی گریڈ اور کوکر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔