کشمیر: شوپیاں میں راجستھانی ٹرک ڈرائیور کے قتل کی تحقیقات شروع

گزشتہ شام نامعلوم بندوق برداروں نے شوپیاں کے شیرمال میں راجستھان سے تعلق رکھنے والے ٹرک ڈرائیور شریف خان کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: جموں وکشمیر پولس نے جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے شیر مال نامی گاؤں میں راجستھان سے تعلق رکھنے والے ٹرک ڈرائیور کی ہلاکت کے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ واضح رہے کہ نامعلوم بندوق برداروں نے گزشتہ شام شوپیاں کے شیرمال میں راجستھان سے تعلق رکھنے والے ٹرک ڈرائیور شریف خان کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔

ریاستی پولس نے ہلاکت کے اس واقعہ کے لئے ملی ٹنٹوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ پولس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ہلاکت کے اس واقعہ میں جیش محمد اور حزب المجاہدین کے گروپ ملوث ہیں۔ پولس ترجمان نے کہا کہ واقعہ کی نسبت متعلقہ پولس تھانے میں مختلف دفعات کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ واقعہ کی تحقیقات جاری ہے۔


دریں اثنا پولس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ 'شوپیاں پولس کو پیر کے روز شام کے قریب آٹھ بجے اطلاع ملی کہ شوپیاں کے شیر مال میں دہشت گردوں نے ایک شہری کو ہلاک کیا ہے۔ اطلاع ملتی ہی پولس جائے واردات پر پہنچی'۔ بیان میں کہا گیا کہ 'ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ دہشت گردوں نے راجستھان کے ضلع بھارت پور سے تعلق رکھنے والے شریف خان نامی شہری کو ہلاک کیا ہے۔ وہ پیشے سے ٹرک ڈرائیور ہے اور سیبوں کی لوڈنگ کی غرض سے گاؤں میں موجود تھا'۔

پولس بیان میں مزید کہا گیا کہ 'معلوم ہوا کہ دیہاتیوں نے ڈرائیور کو بچانے کی کوشش کی لیکن دہشت گردوں نے جہاں ڈرائیور کو ہلاک کیا وہاں اس کو بچانے کے لئے سامنے آنے والے لوگوں کی پٹائی کی۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ حملے میں جیش محمد اور حزب المجاہدین کے گروپ ملوث ہیں'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔