کشمیر: بڈگام- بارہمولہ ٹرین سروس بحال، سری نگر- جموں قومی شاہراہ بند

ٹرین سروس کو منگل کے روز اس وقت احتیاطی طور پر معطل کر دی گئی تھی جب شمالی کشمیر کے سوپور میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان تصادم آرائی شروع ہوئی تھی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں جہاں بدھ کو بڈگام – بارہمولہ ریل سروس ایک روز بعد بحال ہوئی، وہیں وادی کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ مرمتی کام کے پیش نظر ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند رہی۔ ریلوے ذرائع نے بتایا کہ بڈگام- بارہمولہ ٹریک پر بدھ کو ایک روز بعد ٹرین سروس بحال ہوئی۔

بتادیں کہ ٹرین سروس کو منگل کے روز اس وقت احتیاطی طور پر معطل کر دی گئی تھی جب شمالی کشمیر کے سوپور میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان تصادم آرائی شروع ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق اس تصادم آرائی کے دوران تین ملی ٹنٹ ہلاک ہوئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ بڈگام- بارہمولہ ٹریک پر بدھ کی صبح ٹرین سروس بحال ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تصادم آرائی کی وجہ سے جنوبی کشمیر سے جموں کے بانہال جانے والی ٹرین سروس متاثر نہیں ہوئی تھی وہ حسب معمول چل رہی تھی۔


دریں اثنا وادی کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ بدھ کے روز مرمتی کام کے پیش نظر ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند رہی۔ تاہم وادی کو لداخ یونین ٹریٹری کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- لیہہ شاہراہ اور جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری ہے۔ ایک ٹریفک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ مرمتی کام کے پیش نظر بدھ کے روز قومی شاہراہ پر کسی بھی گاڑی کو چلنے کی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر جمعرات کی صبح ٹریفک کی نقل و حمل کو بحال کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔