کشمیر: کولگام میں تصادم آرائی کے بعد اسلحہ بر آمد، ملی ٹنٹ فرار ہونے میں کامیاب

پولیس نے ٹوئٹ کر بتایا کہ اسلم نامی شخص کے مکان سے ایک ایل ایم جی اور آئی ای ڈی بنانے کا مواد برآمد کیا گیا۔ فرار ہونے والے ملی ٹنٹوں کو ڈھونڈ نکالنے کے لئے سراغ رساں کتوں کا استعمال کیا جارہا ہے۔

کشمیر میں تصادم کی فائل تصویر
کشمیر میں تصادم کی فائل تصویر
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں ہفتہ کے روز سیکورٹی فورسز نے ملی ٹنٹوں کے ساتھ ایک مختصر تصادم آرائی کے بعد جائے موقع سے ایک لائٹ مشین گن اور بارود تیار کرنے لئے استعمال میں لایا جانے والا مواد بر آمد کیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ کولگام کے نندی مرگ دمہال ہانجی پورہ علاقے میں ملی ٹنٹوں کے چھپنے کی مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے جمعہ کی شب اس علاقے کو محاصرے میں لے لیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ فورسز کی طرف سے تلاشی کارروائی کے دوران وہاں چھپے ملی ٹنٹوں نے تلاشی پارٹیوں پر فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم آرائی چھڑ گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ تاہم ابتدائی فارئرنگ کے بعد ملی ٹنٹ بھاگنے میں کامیاب ہوئے اور ان کی تلاش کے لئے آپریشن جاری ہے۔


انہوں نے کہا ملی ٹنٹوں نے ایک لائٹ مشین گن اور آئی ای ڈی بنانے کے لئے استعمال میں لایا جانے والا مواد وہیں چھوڑ دیا جس کو سیکورٹی فورسز نے ضبط کیا۔ دریں اثنا جموں وکشمیر پولیس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر کہا گیا کہ 'ایک مصدقہ اطلاع کی بناء پر نندی مرگ کولگام میں گذشتہ رات پولیس اور سیکورٹی فورسز نے تلاشی آپریشن شروع کیا۔ علاقے کو محاصرے میں لینے کے دوران طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ایسا لگتا ہے کہ ملی ٹنٹ ابتدائی فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے'۔

ایک اور ٹوئٹ میں کہا گیا کہ 'اسلم نامی شخص کے مکان سے ایک ایل ایم جی اور آئی ای ڈی بنانے کا مواد برآمد کیا گیا۔ فرار ہونے والے ملی ٹنٹوں کو ڈھونڈ نکالنے کے لئے سراغ رساں کتوں کا استعمال کیا جارہا ہے'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔