وادی کشمیر: کورونا وائرس کے سبب ایک اور موت، اموات کی کل تعداد 92 ہوئی
کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور علاقے سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون، جس کا ہفتے کے روز کورونا ٹیسٹ مثبت آیا، کی موت کے ساتھ اس وائرس سے جموں وکشمیر میں ازجان ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 92 ہوگئی ہے
سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور علاقے سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون، جس کا ہفتے کے روز کورونا ٹیسٹ مثبت آیا، کی موت کے ساتھ اس وائرس سے جموں وکشمیر میں ازجان ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 92 ہوگئی ہے۔
شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال سری نگر کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نذیر چوہدری نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ سوپور سے تعلق رکھنے والی 70 سالہ خاتون کو یہاں 25 جون کو لایا گیا تھا اور اگلے ہی روز اس کی موت واقع ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ متوفی خاتون کا کورونا ٹیسٹ ہفتے کے روز مثبت آیا۔ انہوں نے کہا کہ متوفی خاتون نمونیا میں بھی مبتلا تھی۔
دریں اثنا اس خاتون کی موت کے ساتھ جموں وکشمیر میں کورونا سے متعلق اموات کی تعداد بڑھ کر 92 ہوگئی ہے جن میں سے 81 کا تعلق وادی کشمیر سے ہے جبکہ 11 صوبہ جموں سے تعلق رکھتے ہیں۔
وادی کشمیر میں ضلع سری نگر میں اب تک کورونا سے متعلق سب سے زیادہ 22 اموات درج ہوئی ہیں اور دوسرے نمبر پر ضلع بارہمولہ ہے جہاں اب تک 14 افراد کی اس وائرس میں مبتلا ہو کر موت واقع ہوئی ہے۔
ضلع کولگام میں گیارہ، شوپیاں میں دس، اننت ناگ میں سات، بڈگام میں سات، کپوارہ میں پانچ، پلوامہ میں چار اور بانڈی پورہ میں ایک مریض کورونا میں مبتلا ہوکر داعی اجل کو لبیک کہہ گیا ہے۔
سوپور میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد دوبارہ لاک ڈاؤن
قصبہ سوپور میں کورونا کیسز میں غیر معمولی اضافہ درج ہونے کے پیش نظر حکام نے ہفتے کے روز ایک بار پھر لاک ڈاؤن عائد کر کے پابندیاں نافذ کی ہیں۔ ضلع مجسٹریٹ بارہمولہ جی این یتو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جمعہ کے روز سوپور مارکیٹ سے کورونا کے 25 مثبت کیسز درج ہونے کے پیش نظر مارکیٹ اور عوامی مقامات کی مکمل سینیٹائزیشن کے لئے دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کرنا از بس ضروری بن گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ تمام متعلقین کی رضامندی کے بعد طے پایا گیا کہ لوگوں کے تحفظ کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے سوپور قصبے میں ہفتے سے لاک ڈاؤن دوبارہ نافذ رہے گا۔ دریں اثنا اطلاعات کے مطابق سوپور مارکیٹ میں ہفتے کے روز تمام دکانیں بجز میڈیکل دکانوں کے، بند رہیں اور سڑکوں پر پبلک ٹریفک کی نقل وحمل بھی معطل رہی۔ سیکورٹی فورسز نے مارکیٹ کی طرف جانے والی بڑی سڑکوں کو سیل کیا ہے اور لوگوں کی نقل وحمل کو بھی محدود کر دیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 27 Jun 2020, 1:07 PM