کشمیر: آغا حسن کا رہائشی مکان آگ کی ایک ہولناک واردات میں خاکستر

انجمن شرعی شیعان جموں کشمیر کے صدر و سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی کا سہ منزلہ رہائشی مکان گزشتہ شب آگ کی ایک بھیانک وردات میں خاکستر ہوگیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بڈگام: انجمن شرعی شیعان جموں کشمیر کے صدر و سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی کا سہ منزلہ رہائشی مکان گزشتہ شب آگ کی ایک بھیانک وردات میں خاکستر ہوگیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ شب آغا سید حسن کے وسطی کشمیر کے قصبہ بڈگام میں واقع سہ منزلہ رہائشی مکان سے آگ کے شعلے بلند ہوئے جنہوں نے پورے مکان کو چشم زدن میں لپیٹ میں لیا جس کے باعث مکان کی دو منزلیں خاکستر ہوئیں۔

خاندانی ذرائع نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ آگ سے نہ صرف کروڑوں روپئے کا نقصان ہوا ہے بلکہ اسلامی و دیگر علوم کی بعض نایاب کتب پر مشتمل ایک لا ثانی کتب خانہ بھی راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا ہے علاوہ ازیں بعض اہم دستاویز بھی جل گئے ہیں۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کے عملے، پولس اور مقامی لوگوں نے کئی گھنٹوں کی محنت ومشقت کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔


محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ ابتدائی تحقیق کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگ گئی ہے تاہم اس سلسلے میں اصلی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات جاری ہیں۔ پولس تھانہ بڈگام کے سٹیشن ہائوس آفیسر محمد رفیع نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق شارٹ سرکٹ ہی آگ لگنے کی وجہ ہے تاہم اصلی وجہ جاننے کے لئے تحقیقات جاری ہیں۔

تاہم خاندانی ذرائع کے مطابق جس کمرے سے آگ نمودار ہوئی وہاں بجلی بند تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی محکمہ ہماری رہائش گاہ سے صرف چند منٹ دور ہی واقع ہے لیکن عملہ کی تساہل پسندی اور ناکارہ میشنری کے باعث آگ نے زیادہ نقصان کیا۔
قابل ذکر ہے کہ آغا سید حسن پانچ اگست سے بڈگام میں واقع اپنی رہائش گاہ پر لگاتار نظر بند ہیں جس کے باعث وہ تاریخی و مرکزی امام بارگاہ بڈگام میں تاریخی عشرہ مجالس پڑھنے سے قاصر رہ گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔