کشمیر: پلوامہ میں تصادم، ایک ملی ٹینٹ اور ایک فوجی اہلکار ہلاک
جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے گوسو میں منگل کی علی الصبح چھڑنے والے ایک مسلح تصادم میں اب تک ایک جنگجو اور ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ جموں وکشمیر پولیس کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا ہے
سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے گوسو میں منگل کی علی الصبح چھڑنے والے ایک مسلح تصادم میں اب تک ایک جنگجو اور ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ جموں وکشمیر پولیس کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا ہے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ علاقے میں جاری آپریشن میں اب تک ایک جنگجو مارا گیا ہے جس کی شناخت معلوم کی جارہی ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پلوامہ کے گاسو نامی علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر پلوامہ پولیس، فوج کی 53 آر آر اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ کو منگل کی علی الصبح محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک مشتبہ جگہ کو محاصرے میں لینے کے دوران وہاں موجود جنگجوئوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک فوجی اور ایک پولیس اہلکار شدید طور پر زخمی ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں فوجی اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی فائرنگ کے بعد طرفین کے درمیان چھڑنے والے تصادم میں اب تک ایک جنگجو مارا گیا ہے جس کی شناخت معلوم کی جارہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے۔ دریں اثنا مزید ایک جنگجو کی ہلاکت کے ساتھ وادی کشمیر میں رواں برس اب تک مارے جانے والے جنگجوئوں کی تعداد بڑھ کر 123 ہوگئی ہے۔ ان میں بعض اعلیٰ جنگجو کمانڈر بھی شامل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔