کرناٹک: گائے ذبیحہ کی روک تھام سے متعلق قانون کے لیے آرڈیننس لانے کی تیاری

وزیر اعلیٰ یدی یورپا نے کہا کہ ’’بل کے مطابق گائے ذبح کرنے کے معاملے میں سات سال قید اور 10 لاکھ روپے کے جرمانے کا التزام ہوگا اور گائے کے تحفظ کے لئے خصوصی عدالتیں بھی قائم کی جائیں گی۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بنگلورو: کرناٹک کے وزیر اعلی بی ایس یدی یورپا نے کہا ہے کہ قانون ساز کونسل کے ملتوی ہونے سے قبل منظور نہ ہونے والے گائے کے ذبیحہ کی روک تھام سے متعلق بل کو موثرکرنے کے لئے ریاستی حکومت ایک آرڈیننس لائے گی۔ یدی یورپا نے جمعہ کے روز یہاں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر صحافیوں کو بتایا کہ کرناٹک میں جانوروں کے تحفظ اور جانوروں کے ذبیحہ کی روک تھام سے متعلق بل کے لئے ایک آرڈیننس لایا جائے گا۔ انہوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’ہم آرڈیننس لائیں گے۔ جیسا کہ آپ کو معلوم ہے کہ قانون ساز کونسل کے چیئرمین نےتعاون نہیں کیا ہے۔‘‘

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے قانون ساز کونسل کے چیئرمین کے پرتاپ چندر شیٹی کومنگل کے روز دوبارہ ایوان کا اجلاس طلب کرنے کو کہا ہے۔ انہوں نے کہا آگے کہا کہ ’’ہم نے گورنر کے سامنے بھی درخواست پیش کی ہے۔ قانون ساز کونسل کے چیئرمین کو ایوان کی کارروائی اچانک ملتوی کرنے کا کوئی حق نہیں ہے جیسا کہ انہوں نے کیا ہے۔‘‘


وزیر اعلی یدی یورپا نے کہا کہ ’’یہ پوری دنیا کو معلوم ہے کہ ہندو مذہب میں گائے کی پوجا کی جاتی ہے۔‘‘ زرعی ملک ہندوستان میں مویشی پالنا کاشت کاروں کے لئے آمدنی کا ایک ذریعہ ہے اور کاشتکاری کے کام میں جانوروں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اس نقطہ نظر سے گائے کو ہندوستانی ثقافت کی ملکیت سمجھا جاتا ہے۔ اسمبلی نے بل منظور کردیا ہے، جوموجودہ قانون کو مزید تقویت فراہم کرے گا۔‘‘

یدی یوروپا نے دعوی کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے 90 فیصد لوگ اس بل سے خوش ہیں، ہم نے اپنے انتخابی منشور میں بھی اس کا وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’بل کے مطابق گائے ذبح کرنے کے معاملے میں سات سال قید اور 10 لاکھ روپے کے جرمانے کا التزام ہوگااور گائے کے تحفظ کے لئے خصوصی عدالتیں بھی قائم کی جائیں گی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔