کرناٹک میونسپل الیکشن میں لہرایا کانگریس کا پرچم، لوک سبھا نتائج پر اٹھے سوال

کانگریس نے جمعہ کو کرناٹک میں بلدیاتی انتخابات میں اپنی کامیابی پر اظہارِ خوشی کرتے ہوئے کہا کہ کچھ ہی دنوں کے اندر عوام نے ایک بار پھر ان میں اعتماد ظاہر کیا، اس کا شکریہ۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

لوک سبھا انتخابی نتائج میں خراب کارکردگی کے بعد کانگریس کے لیے کرناٹک سے اچھی خبر آئی ہے۔ پارٹی نے ریاست میں ہوئے بلدیاتی انتخاب میں جمعہ کو سب سے زیادہ سیٹیں جیتی ہیں۔ ریاستی انتخابی کمیشن کے مطابق 56 شہری مقامی میونسپل میں کل 1221 وارڈوں میں سے کانگریس نے 509 وارڈوں میں کامیابی حاصل کی ہے جب کہ بی جے پی کے حصے میں محض 366 مقامات آئے ہیں۔ وہیں تنہا انتخاب لڑنے والی جے ڈی ایس کو 174 وارڈوں میں کامیابی ملی ہے۔ 160 وارڈوں میں آزاد امیدواروں نے فتح کا پرچم لہرایا ہے۔ اس کے علاوہ بی ایس پی کو 3، سی پی آئی ایم کو 2 اور دیگر پارٹیوں کو 7 سیٹیں ملی ہیں۔

سات میونسپل کاؤنسل کے 217 وارڈوں، 30 میونسپلٹی کاؤنسل کے 714 وارڈوں اور 19 نگر پنچایتوں کے 290 وارڈوں کے نتائج کا اعلان کیا گیا۔ کانگریس نے میونسپل کاؤنسل میں 90 وارڈ جیتے جب کہ بی جے پی اور جے ڈی ایس نے بالترتیب 56 اور 38 وارڈ جیتے ہیں۔


کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے میونسپل الیکشن کے نتائج شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے۔ اس ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’کرناٹک میں 19 اور 23 اپریل کو لوک سبھا الیکشن کے لیے ووٹنگ ہوئی تھی۔ اس کے ایک مہینے بعد 29 مئی کو شہری مقامی بلدیہ کا انتخاب ہوا۔ لوک سبھا الیکشن میں مرکزی الیکشن کمیشن کے تحت آنے والی ای وی ایم کا استعمال کیا گیا۔ شہری بلدیہ کے انتخاب میں ریاست کے چیف الیکٹورل افسر کے تحت آنے والی ای وی ایم کا استعمال ہوا۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا کہ ’’ہم خوش ہیں کہ لوگوں نے اپنی سوچ بدلی اور کانگریس کو منتخب کیا۔‘‘

کانگریس لیڈر سنجے نروپم نے اس تعلق سے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’لوک سبھا انتخاب میں کرناٹک میں کانگریس ہاری۔ جے ڈی ایس کا بھی صفایہ ہو گیا۔ ہفتہ بھر بعد وہاں مقامی بلدیہ کے انتخاب ہوئے۔ نتیجے آج آئے ہیں۔ کانگریس ایک نمبر پر۔ جے ڈی ایس تنہا لڑی تھی۔ دونوں کی سیٹیں ملا دیں تو بی جے پی بہت پیچھے ہے۔ ایک ہفتے میں ووٹر اتنا بدل گیا؟ ذرا سوچیے۔‘‘


غور طلب ہے کہ لوک سبھا انتخاب میں کرناٹک کی کل 28 میں سے 25 سیٹوں پر بی جے پی نے جیت درج کی تھی۔ لیکن 1 مہینے کے اندر ہوئے میونسپل الیکشن کے نتیجے کانگریس کے حق میں آئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔