کماراسوامی حکومت کی پہلی کابینہ توسیع کل
کرناٹک کے وزیر اعلیٰ کماراسوامی نے کابینہ توسیع سے قبل کہا ہے کہ ریاست میں جے ڈی ایس-کانگریس اتحاد حکومت کے پہلے مرحلہ کی کابینہ توسیع میں جے ڈی ایس کے کم از کم 9 ممبران اسمبلی کو شامل کیا جائے گا۔
کرناٹک کی نوتشکیل کانگریس-جے ڈی ایس حکومت کی پہلی کابینہ توسیع بدھ کو ہونے جا رہی ہے۔ اس توسیع میں دونوں پارٹیوں کے کئی ممبران اسمبلی وزارتی عہدہ کا حلف لیں گے۔ کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ جی پرمیشور نے بتایا کہ کابینہ توسیع بدھ کو دوپہر 2 بجے ہوگی۔
کرناٹک میں کانگریس-جے ڈی ایس کی اتحادی حکومت بننے کے بعد 23 مئی کو جے ڈی ایس لیڈر اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوگوڑا کے بیٹے ایچ ڈی کماراسوامی نے وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لیا تھا۔ طے کیا گیا تھا کہ 25 مئی کو اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کے بعد کابینہ کی توسیع کی جائے گی۔ کابینہ میں دونوں پارٹیوں کی شراکت داری سے لے کر محکموں کی تقسیم جیسے ایشوز پر دونوں پارٹی کے سینئر لیڈروں کے درمیان کئی دور کی میٹنگوں کے بعد 6 جون کو کابینہ توسیع کا فیصلہ لیا گیا تھا۔
اس درمیان دونوں پارٹیوں کے اتحاد کی مضبوطی کا ثبوت دیتے ہوئے ریاست کی جے نگر سیٹ پر ہونے والے انتخاب سے جنتا دل یو نے اپنے آفیشیل امیدوار کو واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جے نگر اسمبلی سیٹ پر 11 جون کو انتخاب ہونا ہے۔ جے ڈی ایس نے یہاں سے اپنے آفیشیل امیدوار کالے گوڑا کی امیدواری واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی اس سیٹ پر کانگریس کی سومیا ریڈی کی حمایت کرے گی۔
ملی اطلاعات کے مطابق کماراسوامی حکومت کی پہلی کابینہ توسیع میں کانگریس کے کوٹے سے 22 وزیر حلف لیں گے، جب کہ جے ڈی ایس سے 8 سے 9 ممبران اسمبلی کو وزارتی عہدہ کی حلف دلائی جا سکتی ہے۔ کابینہ کے پہلے مرحلہ کی توسیع کے بارے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کماراسوامی نے کہا کہ کابینہ توسیع کے پہلے مرحلہ میں جے ڈی ایس کے 8 سے 9 ممبران اسمبلی کو شامل کیا جائے گا۔ 2 سے 3 جگہ خالی رہیں گے۔ کماراسوامی نے کابینہ اور محکموں کو لے کر جے ڈی ایس ممبران اسمبلی کے درمیان کسی طرح کی تفریق کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ میں سیٹوں اور محکموں کی تقسیم سے متعلق ہمارے ممبران اسمبلی کے درمیان کوئی نااتفاقی نہیں ہے اور آئندہ مرحلہ کی کابینہ توسیع کے لیے پارٹی صدر ایچ ڈی دیو گوڑا کو پوری آزادی دی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ یکم جون کو دونوں پارٹیوں کے درمیان اتفاق رائے قائم ہوئی تھی جس کے مطابق کابینہ میں کانگریس کے 22 اور جے ڈی ایس کے 12 ویزر ہوں گے۔ اتحادی حکومت میں کانگریس کو داخلہ، آبپاشی، صحت، زراعت اور خاتون و اطفال فلاح کے محکمے ملے ہیں، جب کہ جے ڈی ایس کو مالیات، آبکاری، پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ، تعلیم، سیاحت اور ٹرانسپورٹیشن کے محکمے دیے گئے ہیں۔ اس درمیان بدھ کو ہونے والی کابینہ توسیع کے مدنظر کانگریس پارٹی میں بھی وزیر بننے والوں کی فہرست کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
اس کے علاوہ دونوں پارٹیوں کے لیڈروں کے درمیان ہوئی میٹنگوں میں اتحاد کو ٹھیک طرح سے چلانے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل کرنے پر بھی اتفاق قائم ہوا ہے۔ کمیٹی کی قیادت سینئر کانگریس لیڈر اور کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ سدارمیا کریں گے جب کہ جے ڈی ایس کے دانش علی اس کے کنوینر ہوں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔