کرناٹک انتخاب: 10 ایگزٹ پول میں 5 نے دی کانگریس کو مکمل اکثریت، دیگر 3 نے بتایا سب سے بڑی پارٹی، بی جے پی کو جھٹکا

کانگریس کو انڈیا ٹوڈے-ایکسس مائی انڈیا نے 122 سے 140، نیوز 24-ٹوڈیز چانکیہ نے 120 سیٹیں، اور اے بی پی نیوز-سی ووٹر نے 100 سے 112 سیٹیں دی ہیں۔

کانگریس۔ بی جے پی، تصویر آئی اے این ایس
کانگریس۔ بی جے پی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

کرناٹک میں 224 اسمبلی سیٹوں کے لیے آج ووٹ ڈالے گئے۔ اس کے ساتھ ہی ٹی وی چینلز پر ایگزٹ پول پیش کیے جانے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ بی جے پی کو سب سے بڑا جھٹکا انڈیا ٹوڈے-ایکسس مائی انڈیا کے ایگزٹ پول نے دیا ہے، کیونکہ اس نے پارٹی کو محض 62 سے 80 سیٹیں ملنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ کانگریس کو انڈیا ٹوڈے-ایکسس مائی انڈیا نے 122 سے 140 سیٹیں ملنے کی امید ظاہر کی ہے۔

ویسے تو کئی اداروں کے ذریعہ ایگزٹ پول جاری کیے گئے ہیں، لیکن 10 اہم ایگزٹ پول پر نظر ڈالیں تو ان میں سے 5 نے کانگریس کو مکمل اکثریت حاصل کرتا ہوا دکھایا ہے۔ دیگر 3 نے کانگریس کو اکثریت سے دور، لیکن سب سے بڑی پارٹی ہونے کی امید ظاہر کی ہے۔ صرف 2 (جن کی بات اور نیوز نیشن-سی جی ایس) ایگزٹ پول نے بی جے پی کو اکثریت حاصل کرتے ہوئے ظاہر کیا ہے۔ جن کی بات نے بی جے پی کو 94 سے 117، کانگریس کو 91 سے 106 اور جے ڈی ایس کو 14 سے 24 سیٹیں ملنے کی امید ظاہر کی ہے۔ اسی طرح نیوز نیشن-سی جی ایس نے بی جے پی کو 114، کانگریس کو 86 اور جے ڈی ایس کو 21 سیٹیں ملنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔


جن 5 ایگزٹ پول میں کانگریس کو مکمل اکثریت حاصل کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے وہ زی نیوز-میٹریز، ٹائمز ناؤ-ای ٹی جی، انڈیا ٹی وی-سی این ایکس، انڈیا ٹوڈے-ایکسس مائی انڈیا اور نیوز 24-ٹوڈیز چانکیہ نے جاری کیے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ حکومت تشکیل دینے کے لیے کسی بھی پارٹی کو کم از کم 113 سیٹیں حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ ایگزٹ پول میں کانگریس کو زی نیوز-میٹریز نے 103 سے 118، ٹائمز ناؤ-ای ٹی جی نے 106 سے 120، انڈیا ٹی وی-سی این ایکس نے 110 سے 120، انڈیا ٹوڈے-ایکسس مائی انڈیا نے 122 سے 140، اور نیوز 24-ٹوڈیز چانکیہ نے 120 سیٹیں دی ہیں۔ اے بی پی نیوز-سی ووٹر کے ایگزٹ پول میں کانگریس کو 100 سے 112 سیٹیں حاصل ہوتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔

بی جے پی کی بات کی جائے تو زی نیوز-میٹریز نے 79 سے 94، ٹائمز ناؤ-ای ٹی جی نے 78 سے 92، انڈیا ٹی وی-سی این ایکس نے 80 سے 90، انڈیا ٹوڈے-ایکسس مائی انڈیا نے 62 سے 80، اور نیوز 24-ٹوڈیز چانکیہ نے 92 سیٹیں دی ہیں۔ اے بی پی نیوز-سی ووٹر کے ایگزٹ پول میں بی جے پی کو 83 سے 95 سیٹیں حاصل ہوتی ہوتی نظر آ رہی ہیں۔ اسی طرح جے ڈی ایس کو زی نیوز-میٹریز نے 25 سے 33، ٹائمز ناؤ-ای ٹی جی نے 20 سے 26، انڈیا ٹی وی-سی این ایکس نے 20 سے 24، انڈیا ٹوڈے-ایکسس مائی انڈیا نے 20 سے 25، نیوز 24-ٹوڈیز چانکیہ نے 12، اور اے بی پی نیوز-سی ووٹر نے 21 سے 29 سیٹیں دی ہیں۔


ظاہر ہے کہ اے بی پی نیوز-سی ووٹر کو چھوڑ دیا جائے تو 7 ایگزٹ پول میں جے ڈی ایس غیر اہم پارٹی ثابت ہو رہی ہے۔ لیکن اے بی پی نیوز-سی ووٹر کے علاوہ بھی 2 ایسے ایگزٹ پول ہیں جو جے ڈی ایس کو ’کنگ میکر‘ ظاہر کر رہے ہیں۔ دراصل ریپبلک-پی مارکیو نے کانگریس کو 94 سے 108، بی جے پی کو 85 سے 100 اور جے ڈی ایس کو 24 سے 32 سیٹیں دی ہیں، جبکہ ٹی وی 9 بھارت وَرش- پولسٹریٹ کے ایگزٹ پول نے کانگریس کو 99 سے 109، بی جے پی کو 88 سے 98 اور جے ڈی ایس کو 21 سے 26 سیٹیں دی ہیں۔

اب سبھی کو انتظار 13 مئی کا ہے جب کرناٹک اسمبلی انتخاب کے نتائج برآمد ہوں گے۔ اُس دن یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ کون سا ایگزٹ پول ’ایگزیکٹ پول‘ ثابت ہوتا ہے، اور کون سا ایگزٹ پول غلط ثابت ہوتا ہے۔ فی الحال تو ایگزٹ پول دیکھ کر کانگریس پارٹی لیڈران کافی خوش ہیں اور بی جے پی لیڈران بیان دے رہے ہیں کہ انتخابی نتائج ایگزٹ سے بالکل مختلف ہوں گے۔ فکر مند تو جے ڈی ایس بھی ہے کیونکہ وہ ’کنگ میکر‘ بننے کی امید لگائے بیٹھی ہے جس کے آثار ایگزٹ پول میں کم ہی دکھائی دے رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔