جے ڈی ایس کے ایم پی کا فحش ویڈیو وائرل، کرناٹک حکومت نے تحقیقات کے لئے ایس آئی ٹی تشکیل دی
پراجول ریوننا فحش ویڈیو معاملے میں کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے ایس آئی ٹی تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔ خبر ہے کے اس فیصلے کے بعد جے ڈی ایس رہنما بنگلورو سے جرمنی روانہ ہو گئے ہیں۔
کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے ہاسن لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی اور جے ڈی ایس کے امیدوار پراجول ریوننا کے جنسی اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پراجول ریوننا کا مبینہ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد خواتین کمیشن کی چیئرپرسن نے حکومت کو خط لکھ کر اس معاملے میں ایس آئی ٹی کی تشکیل کا مطالبہ کیا تھا۔ جس پر ہفتہ 27 اپریل کو وزیر اعلی سدارامیا نے ایس آئی ٹی بنانے کی ہدایت دی ہے۔
پراجول ریوننامعاملے میں ایس آئی ٹی کی تشکیل کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے، سوشل میڈیا ہینڈل پر لکھا گیا، حکومت نے پراجول ریو ننا کے فحش ویڈیو معاملے میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ضلع ہاسن میں فحش ویڈیو کلپس وائرل ہو رہی ہیں ۔
نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق اس معاملے میں خواتین کمیشن کی چیئرپرسن نے حکومت کو خط لکھ کر ایس آئی ٹی سے جانچ کرانے کی درخواست کی تھی۔ جس کے بعد ایس آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایس آئی ٹی کی سربراہی اے ڈی جی پی رینک کے افسر کریں گے۔ جس میں ایک خاتون ایس پی سمیت 3 ایس پی رینک کے افسران شامل ہوں گے۔
کرناٹک کے ویمن کمیشن نے جے ڈی ایس ایم پی پراجول کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ویڈیو کا نوٹس لیا تھا اور وزیر اعلیٰ کو خط لکھا تھا۔ اور وزیر اعلی سے اس معاملے میں ایس آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔ ذرائع کی مانیں تو پراجول ریوننا ہفتہ کی صبح بنگلور سے فرینکفرٹ کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ پراجول ریوننا سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کے پوتے ہیں اور کرناٹک حکومت کے سابق وزیر ایچ ڈی ریوننا کے بیٹے ہیں۔ وہ ہاسن سیٹ سے ایم پی ہیں اور اس بار بھی پارٹی نے انہیں ہاسن لوک سبھا سیٹ سے میدان میں اتارا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔