کرناٹک: عوامی ایشوز اٹھا رہے تھے سَنت ایشورانندپوری، وزیر اعلیٰ بومئی نے ہاتھ سے چھین لیا مائک

ہوسدرگ کنک پیٹھ کے ایشورانندپوری سوامی نے ایک تقریب میں کہا کہ بنگلورو میں کئی جگہوں پر زوردار بارش کے سبب آبی جماؤ کا نظارہ ہے، میں یہ سمجھ نہیں پا رہا کہ افسران کوئی ترکیب کیوں نہیں کرتے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر ویڈیو گریب</p></div>

تصویر ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی کو ایک تقریب میں مذہبی سَنت کے ذریعہ عام لوگوں کے مسائل کو اٹھانا اتنا ناگوار گزرا کہ انھوں نے سَنت کے ہاتھ سے مائک ہی چھین لیا۔ یہ واقعہ جمعرات کو بنگلورو کے گروڑچارپالیہ علاقے میں ایک مندر میں منعقد مذہبی تقریب کے دوران پیش آیا۔ اس واقعہ کی تصویریں اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئے ہیں جس کے بعد بی جے پی حکومت پر سوال اٹھنے لگے ہیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق سَنت ایشورانندپوری سوامی بنگلورو کے ’سنگین عوامی ایشوز‘ اٹھانے لگے تھے۔ ہوسدرگ کنک پیٹھ کے ایشورانندپوری سوامی نے جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’بنگلورو میں کئی مقامات پر زوردار بارش کے سبب آبی جماؤ ہے۔ اس کا کوئی مستقل حل نہیں ہے۔ میں یہ سمجھ نہیں پا رہا ہوں کہ افسران کوئی ترکیب کیوں نہیں کرتے۔ کیا وہ نہیں سمجھتے کہ بارش ہونے پر مسئلہ کیا ہوتا ہے؟ کئی وزرائے اعلیٰ نے کہا تھا کہ وہ مستقل حل تلاش کریں گے، لیکن میں صرف یقین دہانیوں سے متفق نہیں ہوں۔‘‘


سَنت کی ایسی باتیں سن کر وزیر اعلیٰ بومئی نے فوراً ان کے ہاتھ سے مائک چھین لیا اور وضاحت پیش کرنے لگے۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں ایسے ہی یقین دہانی نہیں کرتا۔ فنڈ جاری کر دیا گیا ہے اور کام چل رہا ہے۔ میں کھوکھلے وعدے نہیں کرتا۔ میں آپ سے صرف تبھی وعدہ کروں گا جب کچھ کیا جا سکتا ہے، ورنہ نہیں کروں گا۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ وہ کسی سے نہیں ڈرتے اور دوسروں کی طرح نہیں ہیں۔

پھر بومئی سے مائک واپس لینے کے بعد سَنت نے ناراضگی محسوس کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ بومئی کی کہی گئی باتوں سے متفق ہیں۔ یہ کہتے ہوئے کہ یہ ان کا تجربہ بھی رہا ہے سَنت نے کہا کہ ’’وزیر اعلیٰ بومئی نے وعدہ کرنے سے پہلے فنڈ دیا ہے۔ وہ صرف ٹھوس وعدے کرتے ہیں۔ میں یہ بتانے ہی والا تھا، لیکن انھوں نے مائک لے لیا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔