کانپور: آکسیجن سلینڈر پھٹ جانے سے ایک مزدور کی موت، دو زخمی

پولیس نے بتایا کہ دھماکہ کی آواز سن کر باہر بیٹھا سیکورٹی گارڈ دوڑ کر اندر آیا اور اس نے حادثہ کی اطلاع پولیس کے ساتھ ساتھ پلانٹ کے مالک کو دی۔

علامتی، تصویر یو این آئی
علامتی، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

کانپور: اترپردیش میں کانپور کے گووند نگر علاقہ میں جمعہ کی صبح ریفلنگ کے دوران آکسیجن سلینڈر پھٹ جانے سے ایک مزدور کی موت اور دو بری طرح زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ دادا نگر انڈسٹریل علاقہ میں واقعہ آکسیجن پلانٹ میں صبح تقریباً چار بجے مردن پور میں رہنے والا مزدور مراد علی سلینڈر ریفلنگ کا کام کر رہا تھا۔ اسی دوران اچانک ایک سلینڈر پھٹ گیا۔ دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ مزدور کے جسم کو بری طرح نقصان پہنچا، جبکہ آس پاس میں کام کر رہے دو دیگر مزدور دھماکہ سے آس پاس رکھے سلینڈر کے نیچے دب گئے۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکہ کی آواز سن کر باہر بیٹھا سیکورٹی گارڈ دوڑ کر اندر آیا اور اس نے حادثہ کی اطلاع پولیس کے ساتھ ساتھ پلانٹ کے مالک کو دی۔ پولیس نے فوری طورپر متاثرہ مزدوروں کو ایک نزدیکی پرائیویٹ اسپتال میں پہنچایا جہاں ڈآکٹروں نے ایک مزدور کو مردہ قرار دے دیا۔


ضلع میں آکسیجن کی قلت کے مدنظر آکسیجن پلانٹ پر ضلع انتظامیہ کی طرف سے تعینات کیے گئے نائب تحصیلدار نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع انتظامیہ کے حکام کو دے دی گئی ہے۔ اے سی پی گووند نگر وکاس پانڈے نے بتایا کہ پنکی گیس پلانٹ تھانہ گووند نگر کے تحت آتا ہے۔ یہاں پر آج ایک پرائیویٹ اسپتال سے گیس بھرنے کے لئے کچھ سلینڈر آئے تھے جن میں سے ایک سلینڈر کمزور تھا جس کی وجہ سے آکسیجن بھرنے کے دوران دھماکہ ہو گیا۔ اس دھماکہ میں ایک مزدور مراد علی کی موت ہوگئی، جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔