کانپور گرلز شیلٹر ہوم: لڑکیوں کو کورونا سے متاثر ہونے پر یوپی سرکار سے جواب طلب
عدالت عظمیٰ نے یوگی حکومت کو کانپور گرلز شیلٹر ہوم میں نابالغ لڑکیوں کے کورونا سے متاثر ہونے سے متعلق الگ سے ایک حلف نامہ داخل کرنے کی بھی ہدایت دی۔
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے اترپردیش کے کانپور میں واقع ایک گرلز شیلٹر ہوم میں 57 نابالغ لڑکیوں کے کورونا وائرس سے متاثڑ ہونے کی خبروں کے حوالہ سے ریاستی حکومت سے منگل کوجواب طلب کیا۔جسٹس ایل ناگیشورا راؤ، جسٹس ہیمنت گپتا اور جسٹس ایس کے رویندر بھٹ کی بنچ نے گرلزشیلٹر ہومز میں کورونا وبا کے متاثرین سے متعلق ازخود نوٹس معاملہ ویڈیو کانفرنسنگ کی سماعت کرتے ہوئے اترپردیش، پنجاب، بہار، اتراکھنڈ اور تری پورہ کو جمعہ تک رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت کی۔
عدالت نے یوگی حکومت کو کانپور گرلز شیلٹر ہوم میں نابالغ لڑکیوں کے کورونا سے متاثر ہونے سے متعلق الگ سے ایک حلف نامہ داخل کرنے کی بھی ہدایت دی۔ عدالت نے اصلاح اطفال گھروں میں کوروناوائرس کے لئے ایڈوکیٹ گروور اگروال کو ’نیائے متر‘ مقرر کیا ہے۔ کیس کی اگلی سماعت پیر کو ہوگی۔
اس سے قبل تمل ناڈو کے شیلٹر میں کورونا متاثرین بچوں کے بارے میں جسٹس راؤ نے وہاں کے وکیل سے جاننے کی کوشش کی تھی۔ تمل ناڈو حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل بالاجی سرینواسن پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ شیلٹر ہوم میں کورونا وائرس سے متاثر تمام لڑکیاں اب مکمل طور پر صحت یاب ہوچکی ہیں اور وہ دوبارہ شیلٹر ہوم میں واپس آگئیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ان شیلٹر ہومز میں کوئی لڑکی کورونا سے متاثر نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : طویل ہوتی جارہی وکاس دوبے کی تلاشی و گرفتاری کی مہم
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔