’میرے بیٹے کو گولی مار دو!‘ پولیس کی گرفت سے دور بدنام زمانہ وکاس دوبے کی ماں کا بیان

وکاس دوبے کی ماں سرلا دیوی نے اپنے بیٹے کے حوالہ سے بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس وکاس دوبے کو گولی مار دے!، اس نے بہت برا کام کیا ہے، وہ پولیس کے سامنے خود سپردگی کر دے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

کانپور: اتر پردیش کے شہر کانپور میں پولیس ٹیم پر حملہ کرکے 8 پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے کے ملزم بدنام زمانہ وکاس دوبے کو گرفتار کرنے کے لئے پولیس کئی مقامات پر چھاپہ ماری کر رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وکاس دوبے کی تلاش کے لئے پولیس کی 100 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں لیکن وہ ابھی تک پولیس کی پہنچ سے بہت دور ہے۔

وہیں، وکاس دوبے کی ماں سرلا دیوی نے اپنے بیٹے کے حوالہ سے بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس وکاس دوبے کو گولی مار دے! سرلا دیوی نے وکاس کو صلاح دیتے ہوئے کہا کہ اس نے بہت برا کام کیا ہے، وہ پولیس کے سامنے خود سپردگی کر دے۔


سرلا دیوی نے مزید کہا کہ وکاس نے ان کے خاندان کو شرمندہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’میں نے 4 مہینے سے اس سے ملاقات نہیں کی ہے۔ میں لکھنؤ میں اپنے چھوٹے بیٹے کے ساتھ رہ رہی ہوں۔ ہمیں اس کی وجہ سے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ہم سب اس کی وجہ سے شرمندہ ہیں۔‘‘

غورطلب ہے کہ جمعرات کی دیر رات گئے کانپور میں ہسٹری شیٹر وکاس دوبے کو گرفتار کرنے گئی پولیس ٹیم پر بدمعاشوں نے گھروں کی چھتوں سے گولیوں کی بوچھار کر دی تھی۔ اس حملہ میں آٹھ پولیس اہلکار شہید ہوئے، جبکہ کئی زخمی ہو گئے تھے۔ اس مڈبھیڑ میں بلّہور کے سی او دیویندر مشرا، شیوراج پور کے ایس او مہیش یادو، دو سب انسپکٹر اور چار سپائی شہید ہوئے۔ اس کے علاوہ سات پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں سے کئی کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ اتر پردیش کی یوگی حکومت نے شہیدوں کے لواحقین کے حق میں ایک ایک کرور روپے کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔