ہسٹری شیٹر وکاس دوبے کا قریبی امر دوبے پولس انکاؤنٹر میں ہلاک

شبلی تھانہ علاقہ باشندہ والا سنجیو دوبے کا لڑکا امر دوبے ہسٹری شیٹر وکاس دوبے کا رشتہ دار ہونے کے ساتھ اس کا خاص گرگا بھی تھا۔ اس نے بکرو گاؤں پہنچنے والی پولس ٹیم پر چھت سے فائرنگ کی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

کانپور شوٹ آؤٹ کے ماسٹر مائنڈ وکاس دوبے کا یو پی پولس اب تک کوئی سراغ نہیں لگا پائی ہے، لیکن اس درمیان یو پی ایس ٹی ایف نے وکاس دوبے کے قریبی امر دوبے کو حمیر پور میں ایک انکاؤنٹر کے دوران مار گرایا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ امر دوبے دراصل وکاس دوبے کا رائٹ ہینڈ تھا۔ کانپور میں 8 پولس اہلکاروں کے قتل میں امر دوبے بھی شامل تھا۔ پولس نے امر دوبے پر 25 ہزار روپے انعام کا اعلان کر رکھا تھا۔

بتایا جاتا ہے کہ اترپردیش میں ضلع ہمیر پور کے انتہائی مطلوب ترین ہسٹری شیٹر وکاس دوبے کے ساتھی امر دوبے کو پولس کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے بدھ کے روز علی الصبح انکاؤنٹر میں مارا۔ پولس ذرائع نے بتایا کہ ایک اطلاع کی بنیاد پراترپردیش کے ہمیر پور کے موڈھا علاقے میں پولس کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے کارروائی کر امر دوبے کو ہلاک کردیا۔ پولس کا کہنا ہے کہ امر دوبے کو موڈھا قصبہ میں گھیر لیا گیا تھا اور اسے خود سپردگی کرنے کا حکم دیا گیا لیکن اس نے بھاگنے کی کوشش کی ۔ جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایس ٹی ایف نے اسے ڈھیر کردیا۔


ذرائع نے بتایا کہ شبلی تھانہ علاقہ کا رہنے والا سنجیو دوبے کا لڑکا امر ہسٹری شیٹر کا رشتہ دار ہونے کے ساتھ اس کا خاص گرگا بھی تھا ۔ اس نے بکرو گاؤں جانے والی پولس ٹیم پر چھت سے فائرنگ کی تھی ، جس میں کوتوال سمیت آٹھ پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے۔ پولیس کے جاری کردہ پوسٹرمیں گیارہویں نمبر پر امر دوبے کا نام درج ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ کم عمری میں ہی امردوبے ہسٹری شیٹرکے گینگ کا حصہ بن گیاتھا ۔ وہ وکاس دوبے کیلئے بھتہ اور شراب کے ٹھیکوں سے وصولی کا کام دیکھتا تھا۔ دریں اثنا وکاس دوبے کی ہریانہ میں فریدآباد کے سیکٹر87 میں موجودگی کے بارے میں اطلاع ملی ہے۔ذرائع کا دعوی ہے کہ وکاس کو منگل کی رات دیر گئے ایک ہوٹل کی سی سی فوٹیج میں دیکھا گیا تھا لیکن وہ پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی وہاں سے فرار ہوگیا تھا۔ اتراکھنڈ کی سرحد میں اس کے داخلے کے امکان کے سبب پولیس کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ فرید آباد میں وکاس کے دو اور ساتھیوں کے بھی پکڑے جانے کی اطلاع ہے ، حالانکہ اس کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔


یہ بات قابل ذکر ہے کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب چوبے پور کے گاؤں بکرو میں قتل کی کوشش کے معاملے میں ہسٹری شیٹر وکاس دوبے کو گرفتار کرنے گئی پولیس ٹیم پرجرائم پیشہ عناصر نے فائرنگ کردی تھی ۔ اس حملے میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس بلہور دیویندر کمار مشرا کے علاوہ ، شیوراج پور کے تھانہ انچارج مہیش یادو ، مندھنا چوکی کے انچارج انوپ کمار ، شیوک راج پور پولس اسٹیشن میں تعینات سب انسپکٹر نیبولال ، چوبے پور پولس اسٹیشن میں تعینات کانسٹبل سلطان سنگھ ،بٹھور تھانہ میں تعینات کانسٹبل راہل ، جتیندر اور ببلو شہید ہوگئے تھے۔ جبکہ اس واقعے میں سات پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔