کانگریس مضبوط ہوئی ہے جبھی گوڈسے کے ماننے والےباپو کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں: کنہیا
کنہیا کمار نے کہاکہ ہمیں کسانوں اور مزدوروں کے تئیں اپنی ذمہ داری کو سمجھنے کی ضرورت ہے اور ان کے ساتھ کھڑا رہنے کی ضرورت ہے۔
حال ہی میں کانگریس میں شامل ہوئے کنہیا کمار نے سنیچر کوکہا کہ کانگریس گزشتہ کچھ برسوں میں مضبوط ہوئی ہے اور یہ اس بات سے ثابت ہوتا ہے کہ گوڈسے کے ماننے والے بھی مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔
کنہیا گاندھی جینتی کے موقع پر یہاں کانگریس ہیڈکوارٹر میں منعقدہ کل ہند غیرمنظم ورکرس کانگریس کے ایک پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ گوڈسے کے درشن کو ماننے والوں کو بھی گاندھی کے آگے جھکنا پڑتا ہے۔ یہی گاندھیائی نظریات کی طاقت ہے۔
انہوں نے کہاکہ کانگریس مضبوط ہوئی ہے۔ یہاں تک کہ وزیراعظم نریندر مود ی کا بھی خود کو گاندھیائی دکھانا یہ ثابت کرتا ہے کہ کانگریس مضبوط ہوگئی ہے۔
جے این یو طلبا لیڈر رہ چکے کنہیا نے جے جوان، جے کسان کا نعرہ دینے والے سابق وزیراعظم لال بہادر شاستری کو بھی یاد کرتے ہوئے کہاکہ کسان مہینوں سے دہلی کی سرحدوں پر بیٹھے ہیں اور وزیراعظم امریکہ جاسکتے ہیں لیکن کسانوں سے ملاقات نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں کسانوں اور مزدوروں کے تئیں اپنی ذمہ داری کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں گاندھی اور شاستری کے ویژن پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے حکومت کی مونیٹائزیشن پالیسی اور سنٹرل وسٹا پروجیکٹ کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہاکہ جب ہم کہتے ہیں کہ حکومت قومی املاک کو فروخت کررہی ہے تو ان کے حامی کہتے ہیں کہ انہیں فروخت نہیں کیا جارہا ہے بلکہ پٹہ پر دیا جارہا ہے۔ اگر وزیراعظم چوکیدار ہیں تو وہ ہماری قومی املاک کیوں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ واضح ہے کہ حکومت کو پیسہ کی ضرورت ہے۔اگر پیسہ کی کمی ہے تو وزیراعظم اپنے لئے 20,000کروڑ روپے کا محل کیوں بنا رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔