"کنگنا کو عدم اتفاق کا حق، لیکن ممبئی کو پی او کے کہنا طفلانہ حرکت"
کنگنا راناوت اور شیوسینا لیڈر سنجے راؤت کے درمیان تنازعہ سے متعلق کانگریس نے پیر کے روز کہا کہ پارٹی کنگنا کی کسی بات سے نااتفاقی ظاہر کرنے کا احترام کرتی ہے، لیکن ممبئی-پی او کے والا تبصرہ طفلانہ ہے۔
بالی ووڈ اداکارہ کنگنا راناوت اور شیو سینا لیڈر سنجے راؤت کے درمیان 'ممبئی-پی او کے' والے بیان کو لے کر ہوئے تنازعہ سے متعلق کانگریس نے بھی آج اپنا رد عمل ظاہر کیا۔ پیر کے روز کانگریس نے کہا کہ اداکارہ کے ذریعہ کسی بات سے نااتفاقی ظاہر کیے جانے کے حق کا پارٹی احترام کرتی ہے، لیکن ممبئی-پی او کے والا تبصرہ قابل تنقید ہے۔
کانگریس ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ "مودی جی اور بی جے پی کے برعکس، میں اپنے سب سے بڑی ناقد کے حق کا دفاع کروں گا، جو کہ کانگریس اور مہاراشٹر میں اتحادی پارٹیوں، شیو سینا اور این سی پی کا اصول ہے۔" کانگریس لیڈر نے ممبئی کا موازنہ پاکستان کے قبضے والے کشمیر (پی او کے) سے کرنے کے لیے کنگنا کی مذمت کی اور کہا کہ یہ 'سیاست سے متاثر' بیان ہے۔" سرجے والا نے کہا کہ "ایک خاص فلم اداکارہ کے مودی جی اور بی جے پی کے ایجنڈے پر چلنے کے باوجود انھیں مناسب سیکورٹی دی جائے گی۔" لیکن ساتھ ہی کانگریس لیڈر نے یہ بھی کہا کہ "ہندوستان کی معاشی راجدھانی کو پی او کے کہنا طفلانہ، غلط اور سیاسی طور سے موقع پرستانہ و قابل مذمت بیان ہے۔"
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔