’کیسے دیوالی منائیں ہم لالا، اپنا تو بارہ مہینے دیوالا‘، مودی حکومت پر کانگریس کا طنزیہ حملہ، دیکھیں ویڈیو

کانگریس نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے لیے مودی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے اور دیوالی کے موقع پر کچھ مٹھائیوں کی 2013 والی قیمت اور موجودہ قیمت کا موازنہ کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>گرافکس&nbsp;<a href="https://x.com/INCIndia">@INCIndia</a></p></div>

گرافکس@INCIndia

user

قومی آواز بیورو

دیوالی کا تہوار ہے لیکن مہنگائی نے عوام کو پریشان کر رکھا ہے۔ نتیجہ یہ ہے کہ غریب طبقہ اس تہوار میں بھی دِیا جلانے اور مٹھائی کھانے کی جگہ 2 وقت کی روٹی کی فکر کر رہا ہے۔ اس حالت کو پیش نظر رکھتے ہوئے کانگریس نے آج مودی حکومت پر طنزیہ انداز میں حملہ کیا ہے۔ اس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک کارٹون ویڈیو شیئر کیا ہے جس کے بیک گراؤنڈ میں نغمہ بج رہا ہے ’کیسے دیوالی منائیں ہم لالا/ اپنا تو بارہ مہینے دیوالا/ ہم تو ہوئے دیکھو ٹھن ٹھن گوپالا/ اپنا تو بارہ مہینے دیوالا‘۔

اس ویڈیو میں ایک سبزی فروش ٹھیلا پر ٹماٹر رکھے ہوئے نظر آ رہا ہے جس کی قیمت 160 روپے کلو بتائی گئی ہے۔ ایک پریشان حال شخص کی پیشانی پر ’مہنگائی‘ چسپاں دکھائی دیتا ہے، یعنی مہنگائی اس کے دماغ پر بری طرح حاوی ہو چکا ہے۔ ایک غریب شخص کا کارٹون بھی دیکھنے کو ملتا ہے جس کی تھالی پوری طرح سے خالی ہے۔ اس کارٹون ویڈیو کے آخر میں سیلون کے باہر ایک شخص (جو غالباً حجام ہے) سر پر ہاتھ دھرے نظر آتا ہے۔ یہ سبھی مہنگائی کی وجہ سے پریشان ہیں۔


اس طنزیہ ویڈیو میں میڈیا اداروں ’ای ٹی وی‘ اور ’نوبھارت ٹائمز‘ کی سرخیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جو مہنگائی سے متعلق ہیں۔ ’ای ٹی وی‘ کی جو سرخی پیش کی گئی ہے وہ اس طرح ہے: ’دیوالی میں لگے گا مہنگائی کا تڑکا، آلو، پیاز، لہسن کے بعد ہری سبزیوں کی کیوں بڑھی قیمت‘۔ اسی طرح ’نوبھارت ٹائمز‘ کی سرخی ’بچت گھٹی اور بڑھ گیا قرض، سیونگ میں تو ہم 50 سال پیچھے پہنچ گئے‘ کا استعمال ویڈیو میں کیا گیا ہے۔

کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر ہی ایک ایسا پوسٹ بھی کیا ہے جس میں کچھ مٹھائیوں کی 2013 والی قیمت اور موجودہ قیمت کا موازنہ کیا گیا ہے۔ پیش کردہ گرافکس میں بتایا گیا ہے کہ 2013 میں گلاب جامن کی قیمت 160 روپے کلو، برفی کی قیمت 243 روپے کلو، موتی چور لڈو کی قیمت 250 روپے کلو اور سون پاپڑی کی قیمت 110 روپے کلو تھی۔ 2024 کی بات کریں تو گلاب جامن کی قیمت 300 روپے کلو، برفی کی قیمت 750 روپے کلو، موتی چور لڈو کی قیمت 630 روپے کلو اور سون پاپڑی کی قیمت 410 روپے کلو ہو گئی ہے۔


دیوالی کے موقع پر پر استعمال کی جانے والی مذکورہ بالا 4 مٹھائیوں کی 2013 اور 2024 میں قیمت کے فرق کو کانگریس نے ایک ویڈیو کے ذریعہ بھی ظاہر کیا ہے۔ اس ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ کس طرح مودی حکومت میں بڑھتی مہنگائی سے عوام بے حال ہو رہے ہیں اور ان کی جیبیں خالی ہو رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔