یوپی سنبھالا نہیں جا رہا اور جموں و کشمیر میں جھوٹ بول رہے یوگی آدتیہ ناتھ: اجے رائے

اجے رائے نے یوپی میں جنگل راج اور کشمیر میں یوگی آدتیہ ناتھ کی بیان بازی پر تنقید کی۔ انہوں نے یوپی میں فرضی انکاؤنٹر اور جرائم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کو پہلے یوپی میں بہتر کام کرنا چاہیے

<div class="paragraphs"><p>اجے رائے / آئی اے این ایس</p></div>

اجے رائے / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: کانگریس کے اتر پردیش ریاستی صدر اجے رائے نے یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے جموں و کشمیر میں دئے گئے حالیہ بیان پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ سی ایم یوگی نے ایک عوامی جلسے میں دعویٰ کیا تھا کہ ’’بی جے پی کی واپسی کے بعد پی او کے (پاک مقبوضہ کشمیر) ہندوستان کا حصہ بننے والا ہے۔‘‘ اجے رائے نے اس بیان کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے لیڈر صرف بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں، جبکہ یوپی میں جنگل راج کا ماحول ہے۔

اجے رائے کا کہنا تھا کہ یوپی میں روزانہ ریپ اور فرضی انکاؤنٹر ہو رہے ہیں اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ جموں و کشمیر جا کر جھوٹی بیان بازی میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’یوپی کو سنبھالا نہیں جا رہا اور جموں و کشمیر میں جا کر جھوٹ بول رہے ہیں۔ پہلے یوپی میں بہتر کام کریں اور پھر کہیں اپنی حکومت کی کامیابیوں کی بات کریں۔"


اجے رائے نے یوپی کی وزیر گلابو دیوی کے بیان پر بھی اعتراض کیا، جس میں انہوں نے مسلم افراد کو اپنے گھروں پر نیم پلیٹ لگانے کی بات کہی تھی۔ اجے رائے نے کہا، ’’وزیر اعلیٰ یوگی کو چاہیے کہ وہ پہلے اپنے وزیروں کو نیم پلیٹ لگانے کا حکم دیں، کیونکہ عوام ان وزیروں کو نہیں جانتی۔ یوگی حکومت کو اس پہل کی شروعات کرنی چاہیے تاکہ لوگ ان کے وزیروں کو پہچان سکیں۔"

ہاتھرس میں اسکول کی ترقی کے نام پر 11 سالہ بچے کی مبینہ طور پر بلی دیے جانے کے واقعہ پر اجے رائے نے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ، ’’اسکول کی ترقی اچھی تعلیم سے ہوگی، نہ کہ بلی چڑھانے سے۔ یہ توہم پرستی بہت خطرناک ہے اور اس پر فوری طور پر سخت کارروائی ہونی چاہیے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔