سری نگر: تاریخی جامع مسجد میں بھی جمعتہ الوداع و دیگر اجتماعات منسوخ
انجمن اوقاف جامع مسجد سری نگر نے مسلمانوں سے تلقین کی کہ وہ عید الفطر سے قبل شرعی فریضہ صدقہ عید الفطر ادا کر کے اپنے گردو پیش کے ضرورتمندوں، غریبوں اور مسکینوں تک پہنچانے کی کوشش کریں۔
سری نگر: انجمن اوقاف جامع مسجد سری نگر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کووڈ 19 کی دوسری قہر انگیز لہر کے نتیجے میں کووڈ کیسز میں بے تحاشہ اضافہ اور اموات کی شرح میں آئے روز تشویشناک تیزی اور مسلسل لاک ڈائون کی وجہ سے جامع مسجد میں شب قدر اور جمعتہ الوداع کی نماز، شب خوانی وغیرہ منسوخ کر دی گئی ہے۔
بیان میں انجمن اوقاف نے عوام الناس پر زور دیا ہے کہ وہ ان مقدس اور متبرک تقریبات اور عشرئہ نجات کی خصوصی عبادات، ذکر و اذکار اور دعا و مناجات اپنے اپنے گھروں میں ہی رہ کر انجام دیں اور اللہ تعالیٰ کے حضور انکساری اور عاجزی کے ساتھ اس کی رضا اور خوشنودی حاصل کرنے اور موجودہ عالمی وبا سے مکمل نجات کے لئے دعائوں کا اہتمام کریں۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ جان ہے تو جہاں ہےاور جان ہے تو عبادت و بندگی بھی ممکن ہے اس لئے موجودہ سنگین صورتحال میں دین اسلام کی طرف سے دی گئی رخصت کے عنوان سے امت مسلمہ کو جو سہولیات فراہم کی گئی ہے ان پر عمل کریں اور کووڈ- 19 کے حوالے سے ماہرین کی آرا اور ایس او پیز پر سختی کے ساتھ عمل پیرا رہیں۔ خود بھی محفوظ رہیں اور اپنے کنبے اور سماج کو بھی محفوظ رکھیں۔
یہ بھی پڑھیں : عدالتیں بول تو بہت رہی ہیں لیکن کارروائی کیوں نہیں کر رہیں؟
بیان میں عوام سے پھر تاکید کی گئی کہ وہ اپنی اپنی باری پر کووڈ ویکسین ترجیحی بنیادوں پر ضرور لگوائیں۔ انجمن نے مسلمانوں سے تلقین کی کہ وہ عید الفطر سے قبل شرعی فریضہ صدقہ عید الفطر بھی ادا کر کے اپنے گردو پیش کے ضرورتمندوں، غریبوں اور مسکینوں تک پہنچانے کی کوشش کریں تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہو سکیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔