چندرشیکھر کی احتجاج میں شامل ہو کر سیاسی فائدہ لینے کی کوشش: مایاوتی
مایاوتی نے دہلی کے جامع مسجد علاقے میں سی اےاے اور این آر سی کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں حصہ لینے کےلئے بھیم آرمی سربراہ چندر شیکھر کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیاسی فائدہ لینے کی کوشش ہے
نئی دہلی: بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی نے دہلی کے جامع مسجد علاقے میں شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) اور شہریت کے قومی رجسٹر (این آر سی) کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں حصہ لینے کےلئے بھیم آرمی کے سربراہ چندرشیکھر کی تنقید کرتے ہوئے اتوار کو کہا کہ یہ دہلی اسمبلی الیکشن کے پیش نظر سیاسی فائدہ لینے کی کوشش ہے۔
مایاوتی نے ٹویٹ کرکے کہا، ’’چندر شیکھر اپنے سیاسی مفادات کی وجہ سے بی ایس پی مخالف پارٹیوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔وہ جان بوجھ کر ان ریاستوں میں احتجاجی مظاہروں میں حصہ لے رہے ہیں جہاں بی ایس پی مضبوط ہے۔‘‘
بی ایس پی سربراہ نے الزام لگایا کہ چندرشیکھر بی ایس پی کے ووٹوں کو متاثر کرنے کےلئے زبردستی جیل جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ چندرشیکھر اترپردیش کے رہنے والے لیکن وہ سی اےاے اور این آر سی کے مسئلے پر دہلی کے جامع مسجد علاقے میں مظاہرے میں شامل ہوکر زبردستی گرفتار ہوئے ہیں۔
مایاوتی نے کہا کہ چندر شیکھر کی یہ کوشش دہلی اسمبلی الیکشن میں فائدہ لینے کی کوشش ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے لوگوں کو ایسی تنظیموں ،ایسےلوگوں سے دور رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ایسے لوگوں کو کبھی پارٹی میں شامل نہیں کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔