ملک بھر میں 46 مقامات پر روزگار میلہ کا انعقاد، پی ایم مودی نے ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو دیا تقرری نامہ
وزیر اعظم دفتر کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ایم مودی نے 12 فروری کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سے نئی تقرریوں کے لیے ایک لاکھ سے زیادہ تقرری نامے تقسیم کیے۔
آج ملک کے 46 مقامات پر روزگار میلہ کا انعقاد ہوا۔ اس روزگار میلہ سے وزیر اعظم نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب کیا۔ انھوں نے روزگار میلہ کے ذریعہ ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو تقرری نامہ بھی دیا۔ اس موقع پر نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ ’’ہم نے حکومت ہند میں بھرتی کے عمل کو اب پوری طرح سے شفاف بنا دیا ہے۔ اتنا ہی نہیں، حکومت کا بہت زور ہے کہ بھرتی کا عمل ایک طے وقت کے اندر پورا کر لیا جائے۔ اس سے ہر نوجوان کو اپنی اہلیت ثابت کرنے کا یکساں موقع ملنے لگا ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم دفتر (پی ایم او) کی جانب سے روزگار میلہ میں تقرری نامہ تقسیم کیے جانے کی اطلاع پہلے ہی دے دی گئی تھی۔ جاری بیان کے مطابق روزگار میلہ کے ذریعہ ایک لاکھ سے زیادہ نوجوانوں کو سرکاری ملازمتیں ملیں۔ روزگار میلہ کا انعقاد 12 فروری کو ملک بھر کے 46 مقامات پر کیا گیا۔ اس سے قبل 30 نومبر 2023 کو روزگار میلہ کا انعقاد کیا گیا تھا اور 51 ہزار نوجوانوں کو پی ایم مودی نے تقرری نامے دیے تھے۔
بہرحال، آج روزگار میلہ کے ذریعہ مرکزی حکومت کے مختلف محکموں اور ریاستی حکومت کے محکموں میں نوجوانوں کو روزگار دیا گیا۔ ریونیو محکمہ، وزارت داخلہ، اعلیٰ تعلیم محکمہ، نیوکلیائی توانائی محکمہ، وزارت دفاع، صحت و خاندانی بہبود وزارت، ریلوے وزارت وغیرہ وہ محکمے ہیں جن میں نوجوانوں کو ملازمتیں دی گئی ہیں۔ منتخب نوجوانوں کو ’کرم یوگی‘ کے تحت پہلے تربیت دی جائے گی اور اس کے بعد ان کی تعیناتی ہوگی۔
واضح رہے کہ آج منعقد روزگار میلہ رواں مرکزی حکومت کی طرف سے منعقد بارہواں اور آخری روزگار میلہ تھا۔ اس حکومت میں پہلے روزگار میلہ کا انعقاد اکتوبر 2022 میں کیا گیا تھا۔ آج پی ایم مودی نے اپنی حکومت کے دوسرے دور کے آخری روزگار میلہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’مرکزی حکومت 2014 سے ہی نوجوانوں کی ترقی کے لیے لگاتار کام کر رہی ہے۔ ہماری حکومت نے گزشتہ حکومتوں سے 1.5 فیصد زیادہ نوجوانوں کو روزگار دیے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔