جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات: جے ایم ایم نے رانچی سیٹ سے راجیہ سبھا کی رکن مہوا ماجی کو بنایا امیدوار
جے ایم ایم نے اسمبلی انتخابات کے لیے اپنی دوسری فہرست جاری کی جس میں راجیہ سبھا کی رکن پارلیمان مہوا ماجی کو رانچی اسمبلی سیٹ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ پارٹی نے اب تک 36 امیدواروں کا اعلان کیا ہے
رانچی: جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) نے 23 اکتوبر کو رانچی اسمبلی سیٹ سے اپنی پارٹی کی امیدوار کے طور پر راجیہ سبھا کی رکن پارلیمان مہوا ماجی کو نامزد کیا ہے۔ جے ایم ایم نے ابھی تک 36 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے، جن میں مہوا ماجی واحد خاتون امیدوار ہیں جو رانچی سے میدان میں اتری ہیں۔
مہوا ماجی فی الحال راجیہ سبھا کی رکن ہیں اور ان کی مدت کار تقریباً 3 سال تک برقرار رہے گی۔ انہوں نے 2014 اور 2019 کے اسمبلی انتخابات میں بھی رانچی سے جے ایم ایم کی جانب سے الیکشن لڑا تھا، لیکن 2019 کے انتخابات میں وہ بی جے پی کے امیدوار سی پی سنگھ سے تقریباً پانچ ہزار ووٹوں سے شکست کھا گئیں۔
جے ایم ایم نے اپنی پہلی فہرست 22 اکتوبر کی رات کو جاری کی تھی، جس میں 35 امیدواروں کے نام شامل تھے۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین اپنی روایتی سیٹ برہیٹ سے الیکشن لڑیں گے، جبکہ ان کی اہلیہ کلپنا سورین کو گریڈیہہ ضلع کی گاندے سیٹ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ ہیمنت سورین کے بھائی بسنت سورین ایک بار پھر دمکا سے امیدوار ہوں گے۔
اس کے علاوہ، حال ہی میں دمکا لوک سبھا سیٹ سے منتخب ہونے والے نلین سورین کے بیٹے الوک سورین کو شکاری پاڑا سے میدان میں اتارا گیا ہے۔ چائباسہ کی رکن پارلیمان جوبا مانجھی کے بیٹے جگت مانجھی کو منوہر پور سیٹ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔
پارٹی نے اپنے ایک موجودہ ایم ایل اے، لٹی پاڑا کے دنیش ولیم مرانڈی کا ٹکٹ کاٹ دیا ہے اور ان کی جگہ ہیم لال مرمو کو نامزد کیا ہے۔ باقی امیدواروں میں راج محل سے ایم ٹی راجہ، بوریو سے دھننجے سورین، مہیش پور سے اسٹیفن مرانڈی، نالہ سے رویندر ناتھ مہتو، مدھوپور سے حفیظ اللہ حسن انصاری، سارٹھ سے ادے شنکر سنگھ عرف چنا سنگھ شامل ہیں۔
جے ایم ایم نے گریڈیہہ سے سدیویہ کمار سونو، ڈمری سے بے بی دیوی، چندن کیاری سے امکانت راجک، ٹنڈی سے متھرا پرساد مہتو، بہراگوڑہ سے سمیر کمار موہنتی کو بھی امیدوار نامزد کیا ہے۔
اسی طرح گھات شیلا سے رام داس سورین، پوٹکا سے سنجیو سردار، جوگ سلائی سے منگل کالندی، ایچاگڑھ سے ساوتری مہتو، چائی باسا سے دیپک بروا، ماجھ گاؤں سے نیرل پورتی، کھڑساواں سے دشرتھ گگرائی اور تماڑ سے وکاس منڈا کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ تورپا سے سندیپ گوریا، گملا سے بھوشن ترکی، لاتہار سے ویدھناتھ رام، گڑھوا سے متھلیش کمار ٹھاکر، جموا سے کیدار ہاجرا، بھاوناتھ پور سے اننت پرتاپ دیو، سمریا سے منوج چندرا، سیلی سے امیت مہتو، برکٹھا سے جانکی یادو اور دھنور سے نظام الدین انصاری کو بھی امیدوار بنایا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔