دشینت چوٹالہ نے بی جے پی کو حمایت دے کر ووٹروں سے غداری کی: شیلجا کماری
شیلجا نے کہا کہ ریاست میں ووٹروں نے جے جے پی کو دس سیٹیں دی ہیں وہ جے جے پی کے نہیں بلکہ بی جے پی مخالف ووٹ تھے اور ان کے بی جے پی کو حمایت دینے سے سبھی ووٹر آج اپنے کو ٹھگا ہوا محسوس کر رہے ہیں
چنڈی گڑھ: ہریانہ کانگریس کی صدر کماری شیلجا نے جن نایک جنتاپارٹی (جے جے پی) کی بی جے پی کو حمایت دینے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ریاست کے ووٹروں کے ساتھ غداری بتایا ہے۔ آج یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ریاست میں ووٹروں نے جن نایک پارٹی کو دس سیٹیں دی ہیں وہ جے جے پی کے نہیں بلکہ بی جے پی مخالف ووٹ تھے اور جے جے پی کے بی جے پی کو حمایت دینے سے وہ سبھی ووٹر آج ٹھگا ہوا محسوس کر رہے ہیں۔ جے جے پی نے بی جے پی کو حمایت دیکر ان ووٹروں کی حمایت کو ٹھکرا دیا ہے اور بی جے پی کو حمایت دے کر اقتدار کے لالچ کا ثبوت دیا ہے۔
کماری شیلجا نے کہا کہ ووٹوں کی خاطر بی جے پی نے ہریانہ کے بھائی چارے کو خوب زک پہنچائی ہے۔ اس وجہ سے عوام نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو منہ توڑ جواب دیا لیکن ریاست کے معصوم عوام بھارتیہ جنتا پارٹی کے پلان بی منصوبے کے تحت جے جے پی کی اصلیت پہنچان نہیں پائے اور کئی سیٹوں پر جے جے پی کو ووٹ دے کر فتحیاب بنا دیا۔
بی جے پی کی اس بی ٹیم نے انتخابی نتائج آتے ہی بی جے پی کو حمایت دینے میں ذرا بھی تاخیر نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ جن نایک جنتا پارٹی نے عوام سے کئی وعدے کیے تھے۔ ان میں بے روزگاروں کو 11000 روپے بھتہ، ریاست کی 75 فیصد نوکریاں ریاست کے لوگوں کے لئے محفوظ کرنا اور بزرگ پنشن 5100 ماہانہ کرنے جیسے وعدے شامل تھے۔ یہ سبھی وعدے کانگریس پارٹی نے بھی کیے تھے۔ کانگریس پارٹی کی حکومت بننے کے بعد یہ سبھی وعدے پورے کیے جانے تھے لیکن عوام کے مفادات کا خیال نہ رکھ کر جن نایک جنتا پارٹی نے ریاست کے ووٹروں کے ساتھ غداری کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 26 Oct 2019, 11:11 PM