جیا خان خودکشی معاملہ: رہا ہونے کے بعد سورج پنچولی کا اظہار مسرت، اداکارہ کی والدہ نے کیا یہ اعلان
جیا خان خود کشی معاملہ میں سورج پنچولی کے رہا ہونے کے بعد ان کی والدہ مایوس ہیں، ان کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملہ میں مزید قانونی چارہ جوئی کریں گی
ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ جیا خان کی خودکشی کے معاملہ میں سورج پنچولی کو رہا کر دیا گیا ہے۔ جس کے بعد سورج پنچولی کے مسرت کا اظہار کیا ہے، جبکہ جیا خان کی والدہ رابعہ خان افسردہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جیا خان کی لڑائی آگے بھی لڑتی رہیں گی۔ خیال رہے کہ سورج پنچولی پر جیا خان کو خودکشی کے لیے اکسانے کا الزام عائد کیا گیا تھا اور آج انہیں عدالت سے بری کر دیا گیا ہے۔وہیں سورج پنچولی نے سوشل میڈیا پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے لکھا ’’سچائی کی ہمیشہ جیت ہوتی ہے۔‘‘
سورج پنچولی کے بری ہونے پر جیا خان کی والدہ رابعہ خان نے کہا کہ ان کی لڑائی جاری رہے گی۔ رابعہ خان نے کہا ’’میں شروع سے کہہ رہی ہوں کہ یہ کیس خودکشی کے لیے اکسانے کا ہے ہی نہیں بلکہ یہ قتل کا معاملہ ہے۔ عدالت کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں۔ میری لڑائی جاری ہے۔ فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔ میں ایک ماں ہوں اور میں اپنی بیٹی کے لیے کیوں نہیں لڑوں گی؟‘‘
خیال رہے کہ جیا خان کی والدہ رابعہ نے عدالت کا فیصلہ سنانے سے قبل عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔ تاہم، عدالت نے رابعہ کی درخواست پر غور نہ کرتے ہوئے سورج پنچولی کو جیا خان کو خودکشی کے لیے اکسانے کے الزام سے بری کر دیا۔ اس معاملے کی جانچ پہلے ممبئی پولیس کے پاس تھی۔ بعد ازاں آنجہانی اداکارہ کی والدہ رابعہ خان کی درخواست پر عدالت نے کیس سی بی آئی کے حوالے کر دیا تھا۔
کیس کی سماعت 10 سال سے جاری تھی۔ جس کے بعد 28 اپریل کو عدالت نے فیصلہ سورج پنچولی کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے انہیں اس کیس سے بری کر دیا۔ جیا خان 3 جون 2013 کو اپنے گھر میں مردہ پائی گئی تھیں۔ جس کے بعد اس معاملے میں سورج پنچولی پر جیا کی خودکشی کے لیے اکسانے کا الزام لگایا گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔