جھارکھنڈ: بی جے پی کے اشتہار کو الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی مانا، ہٹانے کی دی ہدایت

کانگریس اور جے ایم ایم نے اشتہار کو لے کر شکایت کی تھی۔ الیکشن کمیشن نے بی جے پی کے جس اشتہار کو ہٹانے کی ہدایت دی اس میں کہا گیا ہے ''پورے جھارکھنڈ کا کایا پلٹ کر دیں گے"۔

بی جے پی / علامتی تصویر
بی جے پی / علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

جھارکھنڈ اسمبلی انتخاب کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ ہو چکی ہے اور دوسرے مرحلے میں 20 نومبر کو ووٹ ڈالے جانے والے ہیں۔ ایسے میں بی جے پی اور کانگریس سمیت دیگر سیاسی پارٹیاں اپنی تشہیر کے لیے کئی طرح کے اشتہار پرنٹ، ویڈیو اور آڈیو کے توسط سے جاری کر چکے ہیں۔ لیکن جھارکھنڈ میں بی جے پی کے ایک اشتہار نے الیکشن کمیشن کو کارروائی کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ کمیشن نے اشتہار کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اسے فوراً ہٹانے کی ہدایت دی ہے۔

'اے بی پی نیوز' کے مطابق مرکزی الیکشن کمیشن نے کانگریس اور جے ایم ایم کی شکایت پر جھارکھنڈ کے چیف الیکٹورل آفیسر کو کہا ہے کہ وہ ریاستی بی جے پی کی سوشل میڈیا ٹیم کے ذریعہ 'ایکس' اور فیس بُک صفحہ پر ڈالے گئے اشتہار پر کارروائی کرتے ہوئے اسے ہٹانے کی ہدایت جاری کریں اور جہاں جہاں بھی یہ اشتہار ہے اسے فوری طور پر ہٹایا جائے۔

دراصل جس اشتہار کو لے کر الیکشن کمیشن میں شکایت کی گئی تھی اس میں کہا گیا تھا ''پورے جھارکھنڈ کا کایا پلٹ کر دیں گے"۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ کانگریس اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ کی شکایت کو دیکھنے کے بعد پایا گیا کہ شروعاتی طور پر جھارکھنڈ بی جے پی کے ذریعہ جاری کیا گیا یہ اشتہار ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔


قابل ذکر ہے کہ جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کے تحت پہلے مرحلے کی ووٹنگ 13 نومبر کو ہو چکی ہے جس میں 43 سیٹوں پر رائے دہندگان نے اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا ہے۔ اب دوسرے مرحلے میں 38 سیٹوں پر 20 نومبر کو ووٹنگ ہوگی اور پھر 23 نومبر کو نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔