جھارکھنڈ: سرینڈر کرنے والے بی جے پی رکن اسمبلی ڈھلو مہتو کو جیل بھیجا گیا، تھانہ میں درج ہیں کئی سنگین معاملے
رکن اسمبلی ڈھلو مہتو پر 2013 میں سرکاری کام میں رخنہ ڈالنے، پولیس انسپکٹر آر این چودھری کی وردی پھاڑنے اور وارنٹی راجیش گپتا کو جبراً چھڑانے کا کیس دھنباد کے کتراس تھانہ میں درج ہوا تھا۔
پولیس انسپکٹر کی وردی پھاڑنے اور پولیس حراست سے ایک وارنٹی کو چھڑانے کے معاملے میں سزا یافتہ بی جے پی رکن اسمبلی ڈھلو مہتو نے پیر کی صبح دھنباد کورٹ میں خودسپردگی کر دی۔ غور طلب ہے کہ جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے گزشتہ 12 دسمبر کو انھیں چار ہفتے کے اندر سرینڈر کرنے کا حکم دیا تھا۔ آپ کو بتا دیں کہ ڈھلو مہتو دھنباد ضلع کے باگھمارا علاقے کے بی جے پی رکن اسمبلی ہیں۔ انھوں نے اس کیس میں جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں کریمنل ریویژن عرضی داخل کی ہے۔
اس پر ہائی کورٹ نے انھیں پہلے ذیلی عدالت میں سرینڈر کرنے کو کہا تھا۔ ہائی کورٹ نے اس کے لیے جو وقت دیا تھا، اس کی میعاد آج پوری ہو رہی تھی۔ ہائی کورٹ میں اس معاملے کی آئندہ سماعت 10 جنوری کو ہونی ہے۔ واضح رہے کہ رکن اسمبلی ڈھلو مہتو پر 2013 میں سرکاری کام میں رخنہ ڈالنے، پولیس انسپکٹر آر این چودھری کی وردی پھاڑنے اور وارنٹی راجیش گپتا کو جبراً چھڑانے کا کیس دھنباد کے کتراس تھانہ میں درج ہوا تھا۔
اس معاملے میں ٹرائل کے بعد دھنباد کی سب ڈویژنل مجسٹریٹ شکھا اگروال کی عدالت نے اکتوبر 2019 کو انھیں 18 ماہ کی سزا سنائی تھی۔ ڈھلو مہتو اس کے بعد جیل گئے تھے۔ انھوں نے 18 ماہ کی سزا میں سے تقریباً 12 مہینے کی سزا کاٹ لی ہے۔ اس کے بعد وہ ضمانت پر تھے، لیکن ہائی کورٹ کے حکم کے بعد انھیں فوراً جیل جانا پڑا ہے۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ انھیں عدلیہ پر پورا بھروسہ ہے۔ انھوں نے خود کو اس معاملے میں قصوروار بتاتے ہوئے کہا کہ انھیں انصاف ملنے کی پوری امید ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔