جھارکھنڈ ریل حادثہ: ہاوڑہ-ممبئی ریلوے لائن پر دوسرے دن بھی 44 ٹرینیں منسوخ، ٹریک کی مرمت کا کام جاری
جھارکھنڈ میں منگل کو پیش آئے ٹرین حادثے کے دوسرے دن بھی ہاوڑہ-ممبئی ریلوے لائن پر ٹرینوں کی آمدورفت شروع نہیں ہو سکی اور تباہ شدہ ریلوے لائن کی مرمت اور حادثے کا شکار بوگیوں کو ہٹانے کا کام جاری تھا
رانچی: جھارکھنڈ کے چکردھر پور ریلوے ڈویژن میں منگل کو پیش آنے والے ٹرین حادثے کے دوسرے دن بھی ہاوڑہ-ممبئی ریلوے لائن پر ٹرینوں کی آمدورفت شروع نہیں ہو سکی۔ آخری اطلاع موصول ہونے تک راج کھرساواں اور بڑا بمبو ریلوے اسٹیشن کے درمیان تباہ شدہ ریلوے لائن کی مرمت اور حادثے کا شکار بوگیوں کو ہٹانے کا کام مسلسل جاری تھا۔
اس روٹ پر بدھ کو چکردھر پور ریلوے ڈویژن سے چلنے والی دس ٹرینوں سمیت کل 44 ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ چکردھر پور ریلوے ڈویژن سے چلنے والی ٹرینیں جو منسوخ کی گئی ہیں ان میں ہٹیا-سانکی-ہٹیا پیسنجر، ہٹیا-بردھمان-ہٹیا میمو، ہٹیا-کھڑگپور-ہٹا-میمو، بوکارو اسٹیل سٹی-رانچی-بوکارو سٹیل سٹی پیسنجر، آدرا-برکاکانا-آدرا پیسنجر، ہٹیا-جھارسوگوڑا-ہٹیا ایکسپریس، ٹاٹا نگر-ہٹیا-ٹاٹا نگر پیسنجر، ٹاٹا نگر-ہٹیا-ٹاٹا نگر ایکسپریس اور ٹاٹا نگر-برکاکانا-ٹاٹا نگر پیسنجر ٹرینیں شامل ہیں۔
ان کے علاوہ کئی ٹرینیں تبدیل شدہ روٹس پر چلائی جا رہی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ تباہ شدہ ٹریک کی مرمت اور حادثہ کی بوگیوں کو ہٹانے کا کام بدھ کی شام تک مکمل کر لیا جائے گا۔ اس کے لیے رانچی اور راؤرکیلا سے ہیوی لفٹنگ مشینیں منگوائی گئی ہیں۔ حادثے کی وجہ سے اس راستے کی تیسری لائن کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ پہلے اسے شروع کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ منگل کی صبح 4 بجے ہاوڑہ سے ممبئی جانے والی 12810 ممبئی میل ٹرین راج کھرساواں-بڑا بمبو اسٹیشن کے درمیان حادثے کا شکار ہو گئی تھی۔ ٹرین کے 18 ڈب پٹری سے اتر گئے تھے۔ اس حادثے میں دو مسافروں کی موت ہو گئی، جبکہ 40 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔