جھارکھنڈ: امتحان میں شفافیت کے پیش نظر حکومت کا 21 اور 22 ستمبرکو انٹرنیٹ بند رکھنے کا فیصلہ

ہفتہ اور اتوار کو ریاست کے 24 اضلاع کے 823 مراکز پر تقریباً 6 لاکھ 40 ہزار امیدوار سی جی ایل امتحان-2023 میں شامل ہو رہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>ہیمنت سورین (فائل) / تصویر بشکریہ ایکس</p></div>

ہیمنت سورین (فائل) / تصویر بشکریہ ایکس

user

قومی آواز بیورو

 جھارکھنڈ میں 21 اور 22 ستمبر کو صبح 8  بجے سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک انٹرنیٹ خدمات بند رہیں گی۔ اس کے تحت سبھی موبائل سروس پرووائیڈرس کے انٹرنیٹ، ڈاٹا اور وائی فائی خدمات پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ جمعہ کی شام محکمہ داخلہ، جیل اور آفات انتظامیہ کی چیف سکریٹری وندنا دادیل نے یہ حکم جاری کیا ۔ جھارکھنڈ کی ہیمنت سورین حکومت کا یہ سخت فیصلہ ریاست میں جے ایس ایس سی کے مشترکہ گریجویشن سطح کے امتحان (سی جی ایل 2023) کو غیر جانبدارانہ اور منصفانہ طور سے مکمل کرانے کے مقصد سے لیا گیا ہے۔

حکم نامہ میں ہے کہ جھارکھنڈ اسٹاف سلیکشن کمیشن (جے ایس ایس سی) کے توسط سے ریاستی حکومت کے محکموں میں مختلف خالی عہدوں کے لیے سی جی ایل امتحان-2023 ہفتہ اور اتوار کو ریاست کے 24 اضلاع کے مختلف امتحان مراکز پر منعقد کی جا رہی ہے۔ امتحان کے لیے کُل 823 مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ اندازہ ہے کہ تقریباً 6 لاکھ 40 ہزار امیدوار اس میں شامل ہوں گے۔


جھارکھنڈ حکومت نے کہا ہے کہ گزشتہ مثالوں میں یہ دیکھا گیا ہے کہ کچھ غلط لوگوں نے انٹرنیٹؕ، وائی فائی کنکٹیویٹی پر منحصر مختلف موبائل ایپلی کیشن جیسے فیس بُک، وہاٹس ایپ، ایکس، ٹیلی گرام اور یو ٹیوب کا استعمال کرکے غیر مناسب طریقہ کا سہارا لیا۔ اب حکومت امتحان کے عمل کو لے کر لوگوں کے ذہن میں شک و شبہ پیدا کرنے والی سرگرمیوں کو نہیں ہونے دینا چاہتی ہے۔

ہیمنت سورین نے بھی وارننگ دی ہے کہ ان امتحانات میں کسی نے غلط کرنے کی کوشش کی تو اسے پوری سختی سے نپٹا جائے گا۔ کسی طرح کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ امتحان کے عمل کو متاثر کرنے میں کسی نظام، ادارہ یا شخص کے ملوث ہونے کی بات سامنے آئی تو حکومت کے ذریعہ لائے گئے قانون کے تحت سخت سزا کے لیے کارروائی کی جائے گی۔


غور طلب رہے کہ 21 اور 22 ستمبر کو ہونے جا رہی جے ایس ایس سی کے امتحان کو لے کر حکومت کو خدشہ ہے کہ سماج دشمن عناصر یا منظم گروپ سوشل میڈیا سے افواہ پھیلا کر امتحان کے عمل کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کر سکتے ہیں۔ اسی کو ذہن میں رکھتے ہوئے حکومت نے انٹرنیٹ خدمات بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔