جب تک میرے شوہر کے قاتلوں کو سزا نہیں ملے گی مجھے سکون نہیں ملے گا: تبریز کی اہلیہ
تبریز انصاری کی اہلیہ شائستہ پروین نے اپنے مرحوم شوہر کے لئے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیر اعظم اور سپریم کورٹ سے کہا ہے کہ وہ انصاف کو یقینی بنائیں۔
مرحوم تبریز انصاری کی 19 سالہ اہلیہ شائستہ پروین نے روتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ’’میں چاہتی ہوں وزیر اعظم مجھے انصاف دلائیں۔ وہ (نریندر مودی) جب امریکہ گئے تھے تو انہوں نے ایک گرے ہوئے پھول پر بڑی فکر کا اظہار کیا تھا، کیا مودی جی اسی فکر کا اظہار میرے مرحوم شوہر کو انصاف دلانے میں بھی کریں گے‘‘۔ واضح رہے شائستہ کے شوہر تبریز انصاری کو 18 جون کو ہجومی تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا اور 22 جون کو وہ زخموں کی تاب نہ لا سکے اور ان کا انتقال ہو گیا تھا۔ ان دونوں کی شادی ہوئے ابھی صرف دو ماہ ہی ہوئے تھے۔
دہلی میں انڈین مسلم لیگ کے زیر اہتمام ہوئے مظاہرہ میں آج (25 ستمبر) کو شائستہ نے کہا ’’میرے ہاتھوں پر شادی کی مہندی کا رنگ بھی ابھی پھیکا نہیں پڑا تھا کہ میرے شوہر کا قتل کردیا گیا۔ ابھی تو ہماری زندگی میں بہار آنی شروع ہوئی تھی۔ ہمارے کچھ خواب تھے کیا وہ قیمتی نہیں تھے‘‘۔ اس مظاہرہ کا مقصد ہر ہندوستانی کے لئے دہشت سے پاک ہندوستان کا قیام ہے۔
واضح رہے حال ہی میں جھارکھنڈ حکومت نے تبریز انصاری کے قتل کے گیارہ ملزمین کے اوپر سے قتل کے چارجز ہٹا دیئے تھے۔ شائستہ پروین نے رانچی کے ضلع کلیکٹر اور پولس سپرنٹنڈنٹ سے ملاقات کی تھی اور مطالبہ کیا تھا کہ ان ملزمین پر سے ہندوستانی دفعہ 302 اور 304 لگائی جائے۔ شائستہ پروین نے کہا کہ ان کا شوہر ایک معصوم شخص تھا، اس کا جرم صرف یہ تھا کہ وہ مسلمان تھا، اسی وجہ سے اس کا قتل ہوا۔ شائستہ پروین کی ضلع کلیکٹر اور پولس سپرنٹنڈنٹ سے ملاقات کے بعد ہی ملزمین پر قتل کی دفعات لگائی گئیں۔ شائستہ نے مجرموں کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
جب شائستہ پروین سے یہ کہا گیا کہ وہ ابھی صرف 19 سال کی ہے اور اس کے آگے پوری زندگی پڑی ہے تو اس پر اس نے کہا ’’اپنے مستقبل کے بارے میں اس وقت تک کیا سوچنا جب تک انصاف نہیں مل جاتا۔ میرے شوہر کا اس لئے قتل کیا گیا کیونکہ وہ مسلمان تھے۔ میرے شوہر کو وہ الزام لگا کر مارا گیا جو اس نے کبھی کیا ہی نہیں۔ اس کو موٹر سائیکل چوری کرنے کے الزام میں بھیڑ نے قتل کر دیا‘‘۔ اپنی والدہ کے ساتھ آئیں شائستہ پروین نے کہا کہ ان کو جھارکھنڈ حکومت سے انصاف کی کوئی امید نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کیا سپریم کورٹ میری درخواست سنے گا اور میرے شوہر کو انصاف دلائے گا۔ شائستہ پروین نے کہا کہ جب تک میرے شوہر کے قاتلوں کو سزا نہیں مل جاتی تب تک مجھے سکون نہیں ملے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔