جھارکھنڈ میں سخت سیکورٹی انتظامات کے درمیان 15 اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹنگ جاری
چوتھے مرحلے میں 23 خواتین سمیت کل 221 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں ۔ بوکارو سیٹ سے سب سے زیادہ 25 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں جب کہ نرسا سیٹ پر سب سے کم 8 امیدوار انتخاب لڑ رہے ہیں ۔
جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات کے چوتھے مرحلے میں سخت سیکورٹی کے درمیان ووٹنگ کا علم جاری ہے۔ کہیں سے کسی طرح کے ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع ابھی تک موصول نہیں ہوئی ہے۔ چوتھے مرحلہ میں 15 اسمبلی سیٹوں کے لئے رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔ صبح سات بجے سے شروع ہوئی ووٹنگ شام پانچ بجے تک چلے گی۔
ریاستی الیکشن دفتر ذرائع نے یہاں بتایا کہ چوتھے مرحلے کے لئے مدھوپور، دیوگھر (ریزرو)، بگودر، جموا ( ریزرو)، گندے، گریڈیہہ، ڈمری، بوکارو، چندركياری ( ریزرو )، سندری، نرسا، دھنباد، جھریا، ٹنڈی اور باگھ مارا میں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان آج صبح سات بجے پولنگ شروع ہو گئی ، جو کہ شام پانچ بجے تک چلے گی ۔ ان پندرہ سیٹوں میں سے بگودر، جموا، گریڈیہہ، ڈمری اور ٹنڈی اسمبلی حلقہ میں صبح سات بجے سے شام تین بجے تک رائے دہندگان اپنے ووٹ کے حق کا استعمال کر سکیں گے ۔ وہیں، مدھو پور، دیوگھر، گنڈے ، بوکارو، چندن كیاری، سندری، نرسا، دھنباد، جھریا اور باگھ مارا سیٹ کے لئے صبح سات سے شام پانچ بجے تک پولنگ ہوگی ۔
جن اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹنگ کے اختتام کا وقت شام تین اور پانچ بجے تک ہے، وہاں اس وقت تک موجود تمام ووٹر ووٹ ڈال سکیں گے۔ چوتھے مرحلے میں 23 خواتین سمیت کل 221 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں ۔ اس کے تحت بوکارو سیٹ سے سب سے زیادہ 25 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں تو نرسا سیٹ کے لئے سب سے کم آٹھ امیدوار انتخاب لڑ رہے ہیں ۔ ان کی قسمت کا فیصلہ 4785009 ووٹر آج شام پانچ بجے تک 6101 پولنگ مراکز پر اپنے ووٹ کے حق کا استعمال کر کے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) میں قید کر دیں گے ۔ ووٹروں میں 2540794 مرد، 2244134 خواتین 81 خواجہ سرا اور 95795 نئے ووٹر شامل ہیں۔ شہری علاقے میں 1805 اور دیہی علاقوں میں 4296 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں ۔
ریاستی الیکشن دفتر ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کے متعلق 2122 پولنگ مراکزپر ویب كاسٹنگ کا انتظامات کیا گیا ہے ۔ وہیں، 183 ماڈل پولنگ اسٹیشن اور 70 خواتین آپریٹنگ پولنگ مراکز بنائے گئے ہیں ۔ انتخابات میں ریزرو سمیت کل 9902 بیلٹ یونٹ، 7628 کنٹرول یونٹ اور 7931 ووٹر ویری فائبل پیپر آڈٹ ٹریل (وی وی پیٹ ) کا استعمال کیا جا رہے ۔ جن اسمبلی سیٹوں کے لئے 16 یا اس سے زیادہ امیدوار ہیں، وہاں دو ای وی ایم کا استعمال کیا جا رہا ہے ۔ اس کے تحت بوکارو، سندری، دھنباد اور جھریا میں ایک سے زیادہ ای وی ایم کا استعمال ہو رہا ہے ۔ ووٹنگ کے سلسلے میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ۔ اس مرحلے میں جن اسمبلی سیٹوں کے لیے انتخابات ہو رہے ہیں، اس میں سے کئی نکسل متاثرہ ہیں۔ اس کی وجہ سے انتہائی حساس اور حساس پولنگ مراکز کی حفاظت کے لئے پولیس فورس تعینات کی گئی ہے۔
پولنگ مراکز کو نکسل اور غیر نکسل بنیاد پر حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں کے زمرے میں رکھا گیا ہے ۔ نکسل متاثرہ علاقوں میں 587 انتہائی حساس اور 405 حساس پولنگ اسٹیشن ہیں ۔ وہیں، غیر نکسل علاقوں میں انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 546 اور حساس پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 2665 ہے ۔ ان کے علاوہ عام پولنگ مراکز کی تعداد 1898 ہے ۔ حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں میں سیکورٹی فورس کے جوان تعینات کیے گئے ہیں۔
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔