جھارکھنڈ: 52 مسافروں کو لے جا رہی بس ہزاری باغ واقع ندی میں گری، 7 افراد ہلاک، کئی زخمی اسپتال میں داخل

بس 30 فیٹ نیچے ندی میں پلٹ گئی جس کے بعد چیخ و پکار کا عالم پیدا ہو گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر صدر اسپتال ہزاری باغ میں داخل کرایا گیا ہے۔ سبھی مہلوکین کا تعلق گریڈیہہ سے بتایا جا رہا ہے۔

بس حادثہ، تصویر آئی اے این ایس
بس حادثہ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

جھارکھنڈ کے ہزاری باغ ضلع میں ایک بس ندی میں گر گئی ہے۔ اس حادثہ میں اب تک 7 افراد کی ہلاکت کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ ساتھ ہی بتایا جا رہا ہے کہ کئی مسافر شدید زخمی ہوئے ہیں جنھیں علاج کے لیے قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق بس میں 52 افراد سوار تھے۔ بس میں سوار سبھی مسافر گریڈیہہ سے رانچی مذہبی ’کیرتن پروگرام‘ میں حصہ لینے جا رہے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بس 30 فیٹ نیچے ندی میں پلٹ گئی جس کے بعد چیخ و پکار کا عالم پیدا ہو گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر صدر اسپتال ہزاری باغ میں داخل کرایا گیا ہے۔ سبھی مہلوکین کا تعلق گریڈیہہ سے بتایا جا رہا ہے۔ حادثہ کی خطرناکی کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بس میں پھنسی لاشوں کو نکالنے کے لیے گیس کٹر کا استعمال کرنا پڑا۔


ہزاری باغ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نے اس واقعہ کے تعلق سے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ مسافروں کو لے جا رہی ایک بس آج دوپہر سیوان ندی پر پل سے گر جانے کے سبب سات افراد کی موت واقع ہو گئی۔ 13-12 افراد زخمی ہوئے ہیں جن کا الگ الگ اسپتالوں میں علاج چل رہا ہے۔ اس واقعہ کی خبر ملنے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے اظہارِ افسوس کیا ہے۔ وزیر اعظم دفتر نے بیان جاری کر کہا ہے کہ ’’جھارکھنڈ کے ہزاری باغ ضلع میں ہوئے بس حادثے میں لوگوں کی موت پر وزیر اعظم نریندر مودی نے غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ کنبوں کے تئیں ہمدردی ظاہر کی ہے۔‘‘

واضح رہے کہ اس سے قبل مدھیہ پردیش کے شیوپور میں منعقد وزیر اعظم نریندر مودی کے ایک جلسہ میں پہنچیں خواتین کی بس حادثے کا شکار ہو گئی تھی۔ وزیر اعظم کے جلسہ سے لوٹتے وقت بس ایک جگہ پلٹ گئی تھی جس میں تقریباً 10 خواتین کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ بس میں کم و بیش 30 خواتین سوار تھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔